اسلام آباد۔27اکتوبر (اے پی پی):وفاقی وزیر خزانہ و محصولات سینیٹر محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ پاکستان فری لانسنگ کے لحاظ سے دنیا کے پانچ بڑے ممالک میں شامل ہے، آئی ٹی کی قومی برآمدات میں نمایاں اضافہ ہو رہا ہے۔ وزارت خزانہ کی جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق وزیر خزانہ نے واشنگٹن میں اعلیٰ پیشہ ورانہ فنون و مہارتوں کے حامل پاکستانی نژاد امریکی ماہرین سے ملاقات کی اور تبادلہ خیال کیا۔ انہوں نے بتایا کہ آئی ٹی کا شعبہ پاکستانی معیشت کے تیزی سے ترقی کرتے ہوئے شعبوں میں سے ایک ہے۔
انہوں نے شرکا کو بتایا کہ پاکستان فری لانسنگ کے لحاظ سے دنیا کے پانچ بڑے ممالک میں شامل ہے۔ وزیر خزانہ نے ملک کی بڑھتی ہوئی برآمدات میں آئی ٹی سیکٹر کے کردار کو بھی اجاگر کیا۔انہوں نے شرکا کو ڈیجیٹل ماحولیاتی نظام کو موثر و فعال بنانے کے لیے قانون سازی، پالیسی سازی، ریگولیٹری اور آپریشنل اقدامات کی تفصیلات سے آگاہ کیا۔
وزیر خزانہ نے واشنگٹن میں آئی ایم ایف اور ورلڈ بنک کے سالانہ اجلاس 2024 کے موقع پر مختلف سٹیک ہولڈرز کے ساتھ اپنی جامع نشستوں اور باہمی تبادلہ خیالات کے نتائج پر اطمینان کا اظہار کیا۔ سوال و جواب کے تفصیلی سیشن کے ساتھ تقریب اختتام پذیر ہوئی۔