وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کی زیر صدارت رحیم یار خان ایئرپورٹ پر اعلیٰ سطح کے اجلاس کا انعقاد

190
Interior Minister Mohsin Naqvi

رحیم یار خان۔23اگست (اے پی پی):وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے کچے کے علاقے میں آپریشنل فورس کے حوالے سے حفاظتی اقدامات کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے فورس کو جدید ہتھیاروں اور سیفٹی آلات سے لیس کرنے،آئندہ ایسے واقعات کی روک تھام کے لئے تمام تر ضروری اقدامات اورکچے کے شرپسندوں کے خلاف موثر مربوط آپریشن کا حکم دیا ہے۔

جمعہ کو وزارت داخلہ سے جاری بیان کے مطابق وزیر داخلہ کی زیر صدارت رحیم یار خان ایئرپورٹ پر اعلیٰ سطح کا اجلاس ہوا۔اجلاس میں وزیر داخلہ محسن نقوی کوکچے کے علاقے میں پیش آنے والے افسوسناک واقعہ کے بارے میں پنجاب پولیس، پنجاب رینجرز اور سندھ پولیس کی جانب سے بریفنگ دی گئی۔وزیر داخلہ محسن نقوی نے کچے کے علاقے میں آپریشنل فورس کے حوالے سے حفاظتی اقدامات کی ضرورت پر زوردیا۔

انہوں نے آپریشن میں حصہ لینے والی فورس کو جدید ہتھیاروں اور سیفٹی آلات سے لیس کرنے کی ہدایت کی۔انہوں نے کہا کہ انتہائی افسوسناک واقعہ رونما ہوا اور ہمارے 12 بہادر جوانوں نے جام شہادت نوش کیا۔وزیرداخلہ نے آئندہ ایسے واقعات کی روک تھام کے لئے تمام تر ضروری اقدامات کی ہدایت کی اورکچے کے شرپسندوں کے خلاف موثر مربوط آپریشن کا حکم دیا۔

محسن نقوی نے کہا کہ شرپسندوں سے آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے، حملہ آوروں سے بدلہ لینے کے لئے آخری حد تک جائیں گے،اپنے بہادر سپوتوں کے خون کا بدلہ لینے تک چین سے نہیں بیٹھیں گے۔اجلاس میں انسپکٹرجنرل پولیس پنجاب ، ڈی جی رینجرز پنجاب ، سی ٹی ڈی پنجاب، پنجاب و سندھ پولیس کے اعلیٰ حکام نےشرکت کی۔