وفاقی وزیربرائے قومی غذائی تحفظ و تحقیق رانا تنویر حسین اور وزیراعظم کے معاونِ خصوصی برائے صنعت و پیداوار ہارون اختر خان نے چین کے شہر چانگژو میں پاکستان اور چین کے درمیان صنعتی تعاون، ٹیکنالوجی منتقلی اور سرمایہ کاری کے فروغ پر اہم ملاقاتیں کی ہیں۔
وفاقی وزیر رانا تنویر حسین اور ہارون اختر خان کی چین کے شہر چانگژو میں صنعتی تعاون، ٹیکنالوجی منتقلی اور سرمایہ کاری کے فروغ پر اہم ملاقاتیں

مزید خبریں
اسلام آباد۔23مئی (اے پی پی):وفاقی وزیربرائے قومی غذائی تحفظ و تحقیق رانا تنویر حسین اور وزیراعظم کے معاونِ خصوصی برائے صنعت و پیداوار ہارون اختر خان نے چین کے شہر چانگژو میں پاکستان اور چین کے درمیان صنعتی تعاون، ٹیکنالوجی منتقلی اور سرمایہ کاری کے فروغ پر اہم ملاقاتیں کی ہیں۔ انہوں نے صنعت و ٹیکنالوجی کے اداروں کا دورہ کیا۔ وزارت صنعت و پیداوار سے جاری اعلامیہ کے مطابق وفاقی وزیر رانا تنویر حسین نے کہا ہے کہ اسٹار چارج گروپ کے ساتھ پاکستان میں جدید ٹیکنالوجی اور توانائی کے شعبے میں تعاون پر تبادلہ خیال ہوا ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں ٹیکنالوجی کی منتقلی اور صنعتی ترقی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔معاونِ خصوصی برائے صنعت و پیداوار ہارون اختر خان نے کہا کہ پاکستان اور چین کے درمیان صنعتی شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے کے لیے چین کا دورہ کیا ہے،پاکستان میں جدید صنعتی ترقی اور سرمایہ کاری کے نئے مواقع پیدا کیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں ای وی انفراسٹرکچر اور سمارٹ انرجی منصوبوں پر اہم پیشرفت زیرِ غور آئی،چین کے صنعتی ترقیاتی ماڈل سے سیکھنے اور تعاون کے نئے امکانات تلاش کیے جا رہے ہیں۔ ہارون اختر خان نےکہا کہ چانگفا گروپ کے ساتھ تعاون سے مقامی مینوفیکچرنگ اور صنعتی ترقی کو فروغ ملے گا۔ انہوں نے کہا کہ سرمایہ کاری، ٹیکنالوجی کی منتقلی اور صنعتی تعاون پاکستان کی معاشی ترقی میں اہم کردار ادا کریں گے،پاکستان کی صنعت جدیدکاری اور مینوفیکچرنگ صلاحیتوں کے فروغ کے لیے عملی اقدامات جاری ہیں۔ وفاقی وزیر رانا تنویر حسین اور معاون خصوصی ہارون اختر خان نے چانگژو کے میئر کے ساتھ بھی ملاقات کی۔








