اسلام آباد۔3دسمبر (اے پی پی):وفاقی وزیر قومی غذائی تحفظ و تحقیق رانا تنویر حسین نے بدھ کو ایف اے او ہیڈکوارٹرز میں ڈائریکٹر جنرل ایف اے او ڈاکٹر کو دونگیو کے ساتھ ایک گھنٹے طویل بامعنی دو طرفہ ملاقات کی۔179ویں ایف اے او کونسل میں اپنی شرکت اور ایف اے او کے ساتھ مثالی دوطرفہ تعاون کے تسلسل پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے موسمیاتی تبدیلی سے …
وفاقی وزیر رانا تنویر حسین کی ڈائریکٹر جنرل ایف اے او ڈاکٹر کو دونگیو سے ملاقات، مثالی دوطرفہ تعاون کے تسلسل پر اطمینان کا اظہار

مزید خبریں
اسلام آباد۔3دسمبر (اے پی پی):وفاقی وزیر قومی غذائی تحفظ و تحقیق رانا تنویر حسین نے بدھ کو ایف اے او ہیڈکوارٹرز میں ڈائریکٹر جنرل ایف اے او ڈاکٹر کو دونگیو کے ساتھ ایک گھنٹے طویل بامعنی دو طرفہ ملاقات کی۔179ویں ایف اے او کونسل میں اپنی شرکت اور ایف اے او کے ساتھ مثالی دوطرفہ تعاون کے تسلسل پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے موسمیاتی تبدیلی سے پیدا ہونے والے چیلنجز اور مواقع کو اجاگر کیا اور زرعی پیداوار، آبی وسائل کے انتظام، بیجوں، جدید انفراسٹرکچر، تحقیق و اختراع کے مضبوط نظام سمیت موسمیاتی لچکدار طریقوں کے ذریعے ان خطرات پر قابو پانے کی ضرورت پر زور دیا۔ وفاقی وزیر نے ایف اے او کی جانب سے مزید تکنیکی معاونت کا خیرمقدم کیا اور خصوصاً چین کے کامیاب ماڈلز سے سیکھنے میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا جن میں پری سیزن ایگریکلچر، اِنٹرکراپنگ، تعاونی فارمنگ، جغرافیائی شناخت (جی آئی) کی حامل مصنوعات، ڈیجیٹل فارم مینجمنٹ اور فوڈ سیفٹی کے معیارات شامل ہیں۔
پاکستان کی ضروریات کے لیے حمایت کا اظہار کرتے ہوئے ڈی جی ایف اے او نے طویل المدت حکمت عملی کے تحت ’’ڈویلپمنٹ ریسرچ‘‘ میں قریبی تعاون کے عزم کا اعادہ کیا اور قلیل مدتی اخراجات کے بجائے زیادہ اثر انگیز سرمایہ کاری کی تجویز پیش کی۔ وفاقی وزیر نے پاکستان میں جاری منصوبوں کے لیے ڈی جی ایف اے او کا شکریہ ادا کیا اور ایسے تبدیلی لانے والے منصوبوں کو ترجیح دینے کی تجویز دی جو کسانوں اور دیہی برادریوں کو پائیدار فائدے فراہم کر سکیں۔دونوں معزز شخصیات نے چھوٹے کاشتکاروں کی زراعت، مقامی غذائی نظام اور سبز دیہی ترقی کے بہترین طریقوں پر بھی تبادلہ خیال کیا اور اس بات پراتفاق کیا کہ تحقیق میں ہدفی سرمایہ کاری سے کسانوں کی آمدن اور غذائی تحفظ میں نمایاں اضافہ ہو سکتا ہے۔








