کراچی۔ 3 اکتوبر (اے پی پی)وفاقی وزیر ریلویز شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کے ویژن کے مطابق ریلوے نظام میں بہتری لا کر مسافروں کا رش سڑک کے بجائے ریلوے ٹریک پر منتقل کیا جا رہا ہے، گذشتہ ایک سال میں 80 لاکھ مسافروں کا اضافہ ہوا ہے اور 15 مال گاڑیوں کی تعداد میں بھی اضافہ کیا گیا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو یہاں کینٹ اسٹیشن پر نئے واشنگ یارڈز اور این ایل سی کے تعاون سے کراچی اور لاہور کے درمیان چلنے والی نئی مال بردار ٹرین کے افتتاح کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ شیخ رشید احمد نے کہا کہ پاکستان ریلویز نے موجودہ حکومت کے ایک سال کے دوران 10 ارب روپے کمائے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آبادی میں اضافے کی وجہ سے ریلوے مسافروں کی تعداد میں بھی اضافہ ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے ایک سال میں مال بردار ٹرینیں دگنی کردی ہیں، جمرود اور افغانستان تک کنٹینرز لے کر جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ایم ایل ون کے آنے سے مسافروں فائدہ پہنچنے کے علاوہ ایک لاکھ لوگوں کو روزگار کی فراہمی بھی ممکن ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ کراچی میں مزید 5 نئی واشنگ لائن بنائیں گے، ابھی تک کوئی چیز امپورٹ نہیں کی۔ شیخ رشید نے کہا کہ ایم ایل ٹو کی تکمیل سے ٹرینوں کی رفتار 250 کلو میٹر فی گھنٹہ ہو جائے گی، اور کراچی سے لاہور مسافر ٹرین 7 گھنٹے میں پہنچے گی۔