وفاقی وزیر ریلوے حنیف عباسی کا لاہور ریلوے سٹیشن اور کیرج شاپ مغلپورہ کا دورہ

6

لاہور۔20جون (اے پی پی):وفاقی وزیر ریلوے محمد حنیف عباسی نے جمعہ کو لاہور ریلوے اسٹیشن اور کیرج شاپ مغلپورہ کا اچانک دورہ کیا۔ انہوں نے اسٹیشن پر ایسکیلیٹر (برقی زینے) لگانے کی پیش رفت کا جائزہ لیا اور انتظامیہ کو ہدایت کی کہ برقی زینوں کو 25 جون سے مسافروں کے لیے کھول دیا جائے۔محمد حنیف عباسی نے سٹیشن پر صفائی ستھرائی اور کھانے کا معیار چیک کیا۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ وقت کے ساتھ مسافروں کیلئے سہولیات میں بہتری آئے گی۔

وزیر ریلوے نے سٹیشن پر موجود انتظار گاہ میں سہولیات کا جائزہ لیا اور اس ضمن میں اطمینان کا اظہار کیا۔بعد ازاں وزیر ریلوے نے کیرج شاپ کا دورہ کیا جہاں انہوں نے کوچز میں لگانے کے لیے کمپنی کی طرف سے آئے اے سی یونٹس کا معائنہ کیا۔ وزیر ریلوے نے کہا کہ دورانِ سفر ٹرین کی کوچز کے اے سی بند ہونا قابلِ قبول نہیں، اس بات کو یقینی بنایا جائے کہ وہ تمام سہولیات سفر میں میسر ہوں جن کا کرایہ مسافر ٹکٹ کی صورت ادا کرتے ہیں۔

انہوں نے انتظامیہ کو ہدایت کی کہ ایئر کنڈیشننگ یونٹس کی کوچز میں تنصیب کے عمل کو تیز کیا جائے۔ وزٹ کے دوران چیف ایگزیکٹو افسر پاکستان ریلویز عامر علی بلوچ ہمراہ تھے۔