شروع دن سے جے آئی ٹی کے طرز عمل اور طریقہ کار پر بے شمار اعتراضات اٹھائے تھے، ہمارے مخالفین نے اس معاملے کو سیاسی رنگ دیا اور فائدہ اٹھانے کی کوشش کر رہے ہیں
وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق کی نجی ٹی وی سے گفتگو
اسلام آباد ۔ 11 جولائی (اے پی پی) وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ جے آئی ٹی نے جب سے کام شروع کیا ہے اس وقت سے لیکر جے آئی ٹی کے طرز عمل اور اس کے طریقہ کار پر ایک یا دو نہیں بلکہ ہم نے بے شمار اعتراضات اٹھائے اور جب بھی کوئی بے ضابطگی ہوئی ہے یا کوئی ایسا کام کیا ہے جس سے ہمیں یہ نظر آ رہا ہوتا کہ یہ یکطرفہ کاروائی ہو رہی ہے تو ہم نے اس پر اپنے تحفظات کا اظہار کیا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کو ایک نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ ایک قانونی جنگ ہے جسے پوری طرح لڑا جائے گا۔ ہمارے مخالفین نے اس معاملے کو سیاسی رنگ دیا اور فائدہ اٹھانے کی کوشش کر رہے ہیں۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ حکومت نے جے آئی ٹی رپورٹ کو پڑھے بغیر مسترد نہیں کیا بلکہ پڑھنے کے بعد مسترد کیا ہے اور ہمارے وکلاءاپنا موقف عدالت عظمیٰ میں پیش کریں گے۔ وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ عدالتوں کے فیصلوں کو ماننا چاہیئے اور یہ ہم سب کی ذمہ داری بھی ہے۔ پاکستان مسلم لیگ (ن) عدالتوں کا احترام کرنے والی جماعت ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس سارے معاملے میں سب سے اہم بیان قطری شہزادے ہی کا تھا اس لیے اس کا بیان لازمی لیا جانا چاہیئے تھا۔ منصور اعجاز کا ویڈیو بیان لیا جا سکتا ہے تو قطری شہزادے کا بیان بھی لیا جا سکتا تھا جو ان لوگوں نے نہیں لیا اس لیے جے آئی ٹی کی رپورٹ نامکمل ہونے کی وجہ سے مسترد کرتے ہیں۔