وفاقی وزیر ریلوے سے روسی ٹریڈ قونصلر کی ملاقات، روسی کمپنیوں کی سرمایہ کاری کا خیرمقدم کریں گے، محمد حنیف عباسی

وفاقی وزیر ریلوے سے روسی ٹریڈ قونصلر کی ملاقات

اسلام آباد۔15جون (اے پی پی):وفاقی وزیر ریلوے محمد حنیف عباسی سے روسی ٹریڈ قونصلر نے وزارت ریلوے میں ملاقات کی جس میں دونوں ممالک کے درمیان ریلوے شعبے میں تعاون کے فروغ، سرمایہ کاری کے مواقع اور باہمی دلچسپی کے امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ملاقات کے دوران وفاقی وزیر ریلوے نے کہا کہ پاکستان روس کے ساتھ اپنے دوستانہ تعلقات کو انتہائی اہمیت دیتا ہے۔

انہوں نے روسی کمپنیوں کو پاکستان ریلوے کے مختلف ترقیاتی منصوبوں میں شمولیت کی دعوت دیتے ہوئے کہا کہ ٹریک اپ گریڈیشن، سگنلنگ سسٹمز کی جدید کاری اور آپریشنل استعداد میں اضافے کے لیے روسی سرمایہ کاروں کا خیرمقدم کیا جائے گا۔ وفاقی وزیر نے مستقبل قریب میں روس کا دورہ کرنے کی خواہش کا بھی اظہار کیا تاکہ وہاں کے جدید ریلوے نظام کا قریب سے جائزہ لیا جا سکے۔

روسی ٹریڈ قونصلر نے پاکستان ریلوے کی ترقی کے لیے روسی تعاون میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا اور کہا کہ روس پاکستان کے ساتھ تکنیکی اور ادارہ جاتی اشتراک کو مزید وسعت دینے کا خواہاں ہے۔ ملاقات کے اختتام پر فریقین نے ریلوے تعاون کے ذریعے باہمی فائدے اور اقتصادی ترقی کے نئے مواقع پیدا کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔