اسلام آباد ۔ یکم نومبر (اے پی پی) وفاقی وزیر برائے ریلوے شیخ رشید احمد سے عالمی مالیاتی فنڈ کے وفد نے ملاقات کی۔ پاکستان میں آئی ایم ایف کی ریذیڈنٹ نمائندہ ٹرسیا ڈابن شنز نے وفد کی قیادت کی۔ آئی ایم ایف کے وفد نے پاکستان ریلوے کے مالی خسارے کو کم کرنے اور حکومت کی سبسڈی پر انحصار میں کمی کے اقدامات میں دلچسپی ظاہر کی۔ شیخ رشید احمد نے کہا کہ پاکستان ریلوے معیشت کی ترقی میں آئی ایم ایف کے کردار سے آگاہ ہے۔ وفاقی وزیر نے واضح کیا کہ وزارت ریلوے مال برداری شعبہ کے ذریعے اپنے منافع میں اضافہ کی خواہاں ہے اور ہم مال بردار ٹرینوں کی تعداد میں اضافہ کے خواہاں ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ اپ گریڈیشن ہماری ترجیحات میں شامل ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس وقت پاکستان ریلوے کے پاس براڈ گیج ہے لیکن آہستہ آہستہ ہم اس کو اسٹینڈرڈ گیج میں تبدیل کریں گے۔ انہوں نے کراچی ۔ حیدر آباد سیکشن میں ایک اضافی اسٹینڈرڈ گیج میں دلچسپی ظاہر کی۔ آئی ایم ایف کی جانب سے نجی عوامی شراکت داری کے سوال کا جواب دیتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان ریلوے اس شراکت داری کے لئے ہر وقت تیار ہے۔