وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد کاجناح ایکسپریس کی افتتاحی تقریب سے خطاب

123
APP69-30 LAHORE: March 30 - Federal Minister for Railways Sheikh Rashid Ahmad addressing during inaugural ceremony of Jinnah Express (Non-stop luxurious train between Lahore and Karachi, covering the distance in fifteen hours) at Railway Station. APP Photo by Mustafa Lashari

لاہور۔30مارچ(اے پی پی )وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ پسنجر سیکٹر میں 24 نئی ٹرینیں چلانے کے بعد 40 ٹرینوں کا ٹارگٹ پورا کیا جائے گا’ فریٹ ٹرینوں کی تعداد بھی 20 تک لے جائیں گے’ کراچی سرکلر ریلوے میں تمام کمرشل پراپرٹی واگزار کروالی گئی ہے’ ایک ماہ کے اندر وی آئی پی ٹرین سرسید ایکسپریس کو بھی ٹریک پر لائیں گے’ وہ ہفتہ کے روز لاہور ریلوے اسٹیشن پر نان سٹاپ وی آئی پی ٹرین ”جناح ایکسپریس” کی افتتاحی تقریب سے خطاب کر رہے تھے، وزیر اعظم عمران خان، گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور، وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار، وزیر اعظم کے مشیر نعیم الحق سمیت ارکان قومی و صوبائی اسمبلی نے بھی تقریب میں شرکت کی۔ وفاقی وزیر شیخ رشید احمد نے کہا کہ لاہور ریلوے اسٹیشن سے روز انہ ڈیڑھ سے دو لاکھ مسافر سفر کرتے ہیں لیکن سابق حکمرانوں نے اس ریلوے اسٹیشن پر ایک روپیہ بھی نہیں لگایا’ اپنے مفاد والے عام اسٹیشنوں پر اربوں روپے لگا دیئے گئے جس کا کیس نیب میں جانا چاہئے’ وفاقی وزیر نے کہا کہ ریلوے میں نئے نظا م کے تحت 15 لاکھ لٹر ڈیزل بچایا ، اس وقت ٹرینوں کی آکوپینسی 100 فیصد سے زیادہ ہے’ انہوں نے وزیر اعظم سے مطالبہ کیا کہ پی ایس او کو ہدایت کی جائے کہ وہ تیل کی ٹرانسپورٹیشن کیلئے فریٹ ٹرینوں کا استعمال کرے’ جس سے ہماری معاشی صورتحال بھی بہتر ہو گی’ انہوں نے کہا کہ جناح ایکسپریس ٹرین قائد اعظم کے نام سے شروع کی ہے جو 15 گھنٹے میں لاہور سے کراچی پہنچے گی اور اس کا کرایہ چار کیٹیگریز میں ہو گا’ ایک کیٹیگری کا کرایہ 1350 روپے’ دوسری کا 3200′ تیسری کا 4500 اور چوتھی کا 6500 روپے ہو گا’ گرین لائن ٹرین کو بھی 15 اپریل سے اسی کرایہ پر چلایا جائے گا’ شیخ رشید احمد نے کہا کہ ماضی میں لوگوں نے ریلوے میں کمیشن کھائی’ 85′ 85 کروڑ میں انجن خریدے گئے لیکن ہم نے کوچز کی خود مرمت کرکے 24 ٹرینیں چلائی ہیں’ 75 سال کی عمر کے بزرگوں کو دو ٹکٹ مفت اور 65 سال کی عمر کے لوگوں کو آدھی قیمت پر جبکہ سٹوڈنٹس کو بھی 50 فیصد رعایت پر ٹکٹ مہیا کر رہے ہیں’ انہوں نے کہا کہ 4 سٹیم سفاری انجن تیار کرکے خیبرپختونخواہ کے حوالے کئے ہیں تاکہ وہاں ٹورازم کو فروغ حاصل ہو،وفاقی وزیر نے کہا کہ ریلوے میں 25 سے 30 فیصد مسافروں کا اضافہ کیا گیا جبکہ فریٹ کے شعبہ میں بھی 30 فیصد اضافہ ہوا’ گزشتہ چار ماہ میں گزشتہ سال کی نسبت 4 ارب روپے زیادہ کمائے’ انہوں نے وزیر اعظم سے مطالبہ کیا کہ ریلوے کے چھوٹے ملازمین کا ایک گریڈ بڑھایا جائے تاکہ وہ مزید محنت اور لگن سے ریلوے کی خدمت کرسکیں،’ وفاقی وزیر نے امید ظاہر کی کہ وزیر اعظم کا اگلے ماہ چین کا دورہ تاریخی دورہ ثابت ہو گا جس میں ایم ایل ون پر بات چیت ہو گی۔