وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد کافل گوسپل اسمبلی چرچ اسلام آباد کی کرسمس تقریب سے خطاب اور مبارکباد

91

اسلام آباد ۔ 20 دسمبر (اے پی پی) وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے مسیحی برادری کو کرسمس کی مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ مسیحی برادری محب وطن قوم ہے جو ملکی تعمیر و ترقی میں کردار ادا رہی ہے، تعلیم کے فروغ کیلئے مشنری سکولوں کی خدمات کو فراموش نہیں کیا جا سکتا، یہ بات قابل اطمینان ہے کہ کسی ایک بھی مسیحی کا نام پانامہ پیپرز میں شامل نہیں ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو فل گوسپل اسمبلی چرچ اسلام آباد کے زیر اہتمام پاکستان میڈیا فاﺅنڈیشن کے آڈیٹوریم میں منعقدہ کرسمس کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ شیخ رشید احمد نے کہا کہ میری تعلیم مشنری سکولوں سے ہے اور گورڈن کالج کا دور میں زندگی کا بھرپور دور تھا۔ انہوں نے کہا کہ طلباءسیاست کے دوران مسیحی برادری نے میرا بھرپور ساتھ دیا اور کوئی مسیحی طالب علم ایسا نہیں جس نے مجھے ووٹ نہ دیا ہو۔ وزیر ریلوے نے کہا کہ آج معاشرہ میں جو نفرتوں کی دیواریں ہیں اس کی وجہ علم سے دوری ہے۔ انہوں نے کہا کہ اپنے عقیدے اور مذہب کو نہ چھوڑیں اور دوسرے کے مذہب اور عقیدے کو نہ چھیڑیں، اسی میں امن و سلامتی اور ہم سب کی بھلائی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزارت ریلوے میں 432 مسیحی ملازمین کے ساتھ ہم نے گذشتہ روز کرسمس کی تقریب منائی ہے۔ ریلوے کی ملازمتوں میں مسیحی ملازمین کو ان کا جائز حق دیں گے کیونکہ یہ وہ طبقہ ہے جس کی کوئی سفارش نہیں اور ماضی کی غلط پالیسیوں کی وجہ سے پاکستان میں کرپشن اور سفارش کو عزت دی جاتی رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مسیحی برادری سے اپیل ہے کہ حضرت عیسیٰؑ کی تعلیمات پر عمل پیرا ہوتے ہوئے ملک کو امن کا گہوارہ بنانے میں اپنا کردار ادا کریں اور حضرت عیسیٰؑ کے امن، محبت اور رواداری کے پیغام پر عمل کریں۔ قبل ازیں مختلف سکولوں کے بچوں نے ولادت حضرت عیسیٰؑ کے مختلف پہلوﺅں پر روشنی ڈالتے ہوئے مختلف ٹیبلو پیش کئے۔ تقریب سے پاسٹر سیموئیل، سید مصطفین کاظمی، سرفراز گل اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔