وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد کا چوہدری غلام عباس کی 51 ویں برسی کی تقریب سے خطاب

اسلام آباد ۔ 18 دسمبر (اے پی پی) وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ مسئلہ کشمیر کو عالمی سطح پر اجاگرکرنے کے لئے کشمیریوں کے ساتھ کھڑے ہوں گے، مودی متعصب لیڈر ہے، دنیا میں ترقی کے راستے افغانستان جبکہ افغانستان کے تمام راستے پاکستان سے نکلتے ہیں، پاکستان کی بندرگاہیں دنیا میں سب سے گہری ہیں، ہم بد قسمت لوگ ہیں کہ ہم نے اپنے …

اسلام آباد ۔ 18 دسمبر (اے پی پی) وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ مسئلہ کشمیر کو عالمی سطح پر اجاگرکرنے کے لئے کشمیریوں کے ساتھ کھڑے ہوں گے، مودی متعصب لیڈر ہے، دنیا میں ترقی کے راستے افغانستان جبکہ افغانستان کے تمام راستے پاکستان سے نکلتے ہیں، پاکستان کی بندرگاہیں دنیا میں سب سے گہری ہیں، ہم بد قسمت لوگ ہیں کہ ہم نے اپنے ملک کی خدمت نہیں کی۔ وہ منگل کو یہاں قائد کشمیر چوہدری غلام عباس کی 51 ویں برسی کی تقریب سے خطاب کررہے تھے جس کااہتمام آل جموں کشمیر مسلم کانفرنس نے کیا تھا۔ تقریب سے آزاد کشمیر کے صدر سردار مسعود خان، وزیر اعظم آزاد کشمیر راجہ فاروق حیدر خان ، سابق وزیراعظم اور مسلم کانفرنس کے صدر سردار عتیق احمد خان، آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی کے ممبران، حریت رہنماﺅں نے بھی خطاب کیا۔ اس موقع پر آزاد کشمیر پولیس کے چاق و چوبند دستے نے گارڈ آف آنر پیش کیا جبکہ قرآن خوانی کا بھی خصوصی اہتمام کیا گیا۔ وزیر ریلوے شیخ رشید نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ ہم بد قسمت لوگ ہیں۔ ہم نے ملک کی خدمت نہیں کی۔ ہم کرپشن اور منی لانڈرنگ کرتے رہے۔ ہم دنیا بھر میں نااہل اولادوں کے نام پر جائیدادیں بناتے رہے۔ سیاست کی پہچان صرف دولت رہ گئی ہے۔ وزیر ریلوے نے کہاکہ پاکستان نے چین کو نیا راستہ دیا ہے ۔ امریکا بھارت کو چین کے خلاف کھڑا کرنا چاہتا ہے۔ انہوں نے کہاکہ ان کا اندازہ تھا کہ بھارت غیر جانبدار رہے گا تاہم مودی کی جماعت پانچ ریاستوں میں جہاں وہ گائے کے نام پر ووٹ لیتے تھی الیکشن ہار چکی ہے، اس لئے انتخابات سے قبل وہ کوئی بھی حماقت کرسکتا ہے۔ مودی مسلمانوں سے نفرت کرنے والا متعصب لیڈر ہے۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان دنیا کا جغرافیائی اعتبار سے حساس ترین ملک ہے ۔ پاکستان کی بندر گاہ پر 186 جہاز لنگر انداز ہو سکتے ہیں۔ ہماری بندر گاہیں دنیا میں سب سے زیادہ گہری ہیں۔ چاہ بہار بڑی بندر گاہ ہے مگر وہاں 2 سے زائد جہاز کھڑے نہیں ہو سکتے۔ انہوں نے کہاکہ دنیا میں ترقی کے راستے افغانستان سے نکلتے ہیں جبکہ افغانستان کے تمام راستے پاکستان سے نکلتے ہیں۔ انہوں نے کشمیر یوں پر زور دیا کہ وہ اپنے تمام اختلافات کو بالائے طاق رکھتے ہوئے مسئلہ کشمیر کو عالمی سطح پر اجاگرکرنے کے لئے متحد ہو کر اپنا کردار اداکریں ، ہم ان کے ساتھ کھڑے ہوں گے۔ دنیا میں جو بھی اقوام متحد ہو کر جدوجہد کررہی ہیں انہیں کامیابی ملی ہے۔ کشمیریوں کی تمام حریت قیادت جیلوں میں یا گھروں میں نظر بند ہے۔ اس لئے آزاد کشمیر کی قیادت اپنا کردارادا کرے۔