پٹرول ریلیف مڈل کلاس طبقے کیلئے بڑا سہارا ہے، بیرسٹر عمر احمد منے خان

مسلم لیگ (ن) کے رہنما بیرسٹر عمر احمد منے خان نے کہا ہے کہ مشرق وسطیٰ میں جاری کشیدگی کے باعث عالمی منڈی میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مسلسل اضافے کے باوجود وزیراعظم میاں شہباز شریف کی جانب سے عوام کو پٹرول میں فی لیٹر 100 روپے تک کا ریلیف فراہم کرنا حکومت کا ایک بڑا عوام دوست اقدام ہے

فیصل آباد۔ 15 ستمبر (اے پی پی):مسلم لیگ (ن) کے رہنما بیرسٹر عمر احمد منے خان نے کہا ہے کہ مشرق وسطیٰ میں جاری کشیدگی کے باعث عالمی منڈی میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مسلسل اضافے کے باوجود وزیراعظم میاں شہباز شریف کی جانب سے عوام کو پٹرول میں فی لیٹر 100 روپے تک کا ریلیف فراہم کرنا حکومت کا ایک بڑا عوام دوست اقدام ہے، جس سے بالخصوص مڈل کلاس اور کم آمدنی والے طبقے کو درپیش معاشی مشکلات میں کمی آئے گی۔ انہوں نے کہا کہ پارٹی قائد میاں نواز شریف نے بھی عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے حوالے سے خصوصی ہدایات جاری کی تھیں، جن پر حکومت کی جانب سے عمل درآمد کیا جا رہا ہے۔اپنے ایک بیان میں بیرسٹر عمر احمد منے خان نے کہا کہ حکومت کی جانب سے 800 سی سی تک کی گاڑیوں، موٹرسائیکلوں، رکشوں اور چنگ چی رکشوں کے صارفین کو پٹرول پر فی لیٹر 100 روپے کا ریلیف فراہم کرنے کا فیصلہ عام آدمی کیلئے انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ موٹرسائیکل اور رکشہ استعمال کرنے والے لاکھوں افراد روزانہ کی بنیاد پر پٹرول کی قیمتوں میں اضافے سے براہ راست متاثر ہوتے ہیں، اس لیے انہیں ریلیف دینے سے ان کے گھریلو بجٹ پر پڑنے والے اضافی بوجھ میں نمایاں کمی آئے گی۔انہوں نے کہا کہ ماہانہ بنیادوں پر 2 ہزار سے 3 ہزار روپے تک کی بچت بظاہر معمولی رقم محسوس ہو سکتی ہے، تاہم متوسط اور کم آمدنی والے خاندانوں کیلئے یہ رقم روزمرہ اخراجات پورے کرنے میں اہم کردار ادا کرتی ہے۔ پٹرول کی قیمت میں کمی سے شہریوں کے سفری اخراجات کم ہونے کے ساتھ ساتھ روزگار کیلئے موٹرسائیکل، رکشہ اور دیگر چھوٹی گاڑیاں استعمال کرنے والے افراد کو بھی براہ راست فائدہ پہنچے گا۔انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کی قیادت ہمیشہ سے عوام کو مشکل حالات میں ریلیف فراہم کرنے کی پالیسی پر گامزن رہی ہے۔ میاں نواز شریف کی پالیسی واضح ہے کہ غریب اور متوسط طبقے کو کسی صورت تنہا نہیں چھوڑا جا سکتا۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ عالمی حالات میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ حکومت کیلئے بھی ایک بڑا چیلنج ہے، تاہم وزیراعظم شہباز شریف نے عوامی مشکلات کو مدنظر رکھتے ہوئے ریلیف فراہم کرکے ثابت کیا ہے کہ حکومت عام آدمی کے مسائل سے بخوبی آگاہ ہے۔انہوں نے امید ظاہر کی کہ اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے مشرق وسطیٰ میں جاری کشیدگی جلد ختم ہوگی اور عالمی سطح پر پیدا ہونے والی بے یقینی کی صورتحال میں بھی بہتری آئے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ عالمی منڈی میں حالات معمول پر آنے کے بعد پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں بھی ازخود کمی متوقع ہے، جس کے نتیجے میں نہ صرف سفری اخراجات کم ہوں گے بلکہ روزمرہ استعمال کی اشیا کی قیمتوں میں بھی کمی آنے کی امید ہے۔

مزید خبریں