وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد کی میڈیا سے گفتگو

129
APP48-27 LAHORE: December 27 - Federal Minister for Railways Sheikh Rashid Ahmad addressing a press conference at Railway Headquarters. APP photo by Rana Imran

لاہور۔27 دسمبر(اے پی پی )آج ریلوے کی تاریخ میںسب سے بڑا دن ہے چیف جسٹس ثاقب نثار نے وہ کام کیا ہے جو دس سال سے لٹکاہواتھا۔میرے سمیت ریلوے کے مزدور اور 20 کروڑعوام چیف جسٹس ثاقب نثار صاحب کے مشکور ہیںجنہوں نے رائل پام کے حوالے سے تاریخی فیصلہ دیاجس میں انہوں نے کہا کہ رائل پام کی الاٹمنٹ غلط کی گئی اور بغیر پولیس ایکشن چیف جسٹس نے قبضہ گروپ سے رائل پام کا قبضہ ختم کروادیاہے اوراب فرگوسن والے اس کاآڈٹ کریں گے مختلف کورٹس میں اربوں روپے کے 123 کیسزسال ہا سال سے پڑے ہیں جن کی مالیت اربوں میں ہے چیف جسٹس کا ریلوے پر بہت بڑا احسان ہے یہ سارے کیسز لگ گئے ہیں ۔ ان خیالات کا اظہار وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے ریلوے ہیڈکوارٹرز آفس لاہور میں میڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا ریلوے کی سرپلس زمین جو کسی کو بیچ نہیں سکتے، ہاﺅسنگ سوسائٹی نہیں بن سکتی، صرف تین سال کی لیز میرٹ پر دی جا سکے گی۔ ریلوے میں تمام کام میرٹ پر ہوں گے کالی بھیٹروںکو ریلوے سے باہر پھینک دیں گے۔ریلوے پر تلوار لٹک رہی تھی کہ ہماری لاکھوںایکٹرزمینیں جو قابضین سمجھتے تھے کہ واگزار نہیں ہوں گی ہمارا قبضہ ہوجائے گاچیف جسٹس صاحب نے ریلوے کی تاریخ میں بہت اچھا فیصلہ دیاہے اور اب ریلوے کی زرعی زمین تین سال کے لیے شارٹ ٹرم لیز پر دی جاسکے گی۔وزیر ریلوے نے مزید کہا کہ ہم نے مسافر کوچز کے ٹینڈر کینسل کیے ہیں جن کا سنگل ٹینڈرہے ، ریلوے افسروں کو کہا ہے کہ اس کا فی الفورمیرٹ پردوبارہ ٹینڈر کیاجائے اسی طرح اگر فریٹ ویگنز کے ٹینڈر میں بھی کمی بیشی ہے تو اس کے بھی نئے ٹینڈر جاری کیے جائیں۔ وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے کہا کہ 23 مارچ سے پہلے 2 وی وی آئی پی اور 2 مزدوروں کی ٹرینیں چلائیں گے جن میں 2 ٹرینیں اے سی بزنس اور 2 ٹوٹل اکانومی کلا س پرمشتمل ہوں گی۔نئی چلائی جانے والی ٹرینوں کی اکوپینسی کے حوالے سے بات کرتے ہوئے وزیر ریلوے نے کہا کہ رحمان بابا ایکسپریس 144فیصد اکوپینسی کے ساتھ بہت کامیاب ٹرین ہے ، موہنجوداڑو 150فیصد اکوپینسی اسی طرح روہی ایکسپریس 160فیصد اکوپینسی اور ایک آدھ کو چھوڑ کے باقی تقریباً 100فیصد اکوپنسی پر چل رہی ہیں۔ فریٹ ٹرینوں پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہم نے قوم سے وعدہ کیا تھا ہم فریٹ ٹرینوں کی تعداد کو 8 سے بڑھا کر 15 کریں گے لیکن ہم نے کل کراچی میں یہ فیصلہ کیا ہے کہ فریٹ ٹرینوں کی تعداد کو15 بجائے 20 تک بڑھایا جائے گا۔اللہ ہمارا ہاتھ پکڑے نبیﷺ کے صدقے جس دن 20 فریٹ ٹرینیں چل گئیں پھر ریلوے صرف اللہ کا محتاج ہوگا اور انشاءاللہ ریلوے کو خسارے سے نکالیں گے۔ ہم نے 7 رُکنی سپریم کمیٹی بنادی ہے جو وزیر کے فیصلے کا انتظار کیے بغیر خود فیصلہ کرسکے گی خواہ وہ انویسٹمنٹ کے معاملات ہوں یا دوسرے معاملات۔وزیر ریلوے نے کہا کہ اللہ نے چاہاتو انشاءاللہ ریلوے میں بہتری آئے گی ایم ایل ون آخری سٹیج پر ہے یہ میری زندگی کاخواب تھا12 سال پہلے بھی گو میں سٹینڈرڈ گیج پر جانا چاہتا تھا لیکن پاکستان ریلوے براڈ گیج پر گئی ہے میں نے بڑی کوشش کی لیکن میں اپنی سوچ پر ان کو اتفاق نہیں دلاسکا۔ کراچی سے پشاور تک سارا ٹریک نیا ہوگا جوپراناٹریک یہاں سے نکلے گا اس کو ہم کسی اور جگہیں پر استعمال کریں گے۔وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے کہ کہا ہم نے کراچی سرکلر ریلوے پر لوگوں کو 25 دن کا نوٹس دیا ہے کہ خدا کے لیے اپنی متبادل جگہ کا انتظام کرلیں اگر آج کراچی سرکلر ریلوے کی زمین خالی نہ ہوئی تو زندگی میں کبھی بھی کراچی سرکلر ریلوے نہیں چل سکے گی۔ وزیر ریلوے نے مزید کہاکہ میں تمام متعلقہ اداروں کو متنبہ کرتا ہوں کہ ہم زمین دینے کے لیے تیار ہیں سندھ گورنمنٹ ان کو آباد کرے ہمارے پاس زمین موجود ہے لیکن آباد کرنا سندھ گورنمنٹ کا کام ہے۔ وفاقی وزیر ریلوے نے ریلوے افسروںاور مزدوروں کاشکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ پہلے دن سے ریلوے کے مزدوروں سے میری کمٹمنٹ ہے اور انشاءاللہ سارے ریلوے مزدوروں کو ایک سکیل کا اضافہ کرواکرجاﺅں گا۔