وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد کی نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں گفتگو

135

اسلام آباد ۔ 11 فروری (اے پی پی) وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ پہلے دن سے کہہ رہا ہوں کہ شہباز شریف کو چیرمین پبلک اکاﺅنٹس کمیٹی لگانا غلط فیصلہ تھا، اس کے خلاف آج شام تک سپریم کورٹ جا رہا ہوں، اپوزیشن جمہوریت کے نام پر ڈاکہ مارنا چاہتی ہے، وزیراعظم عمران خان کا اتنا پروٹوکول نہیں جتنا شہباز شریف کا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کو ایک نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ وزارت قانون کے مطابق میں پبلک اکاﺅنٹس کمیٹی کا ممبر بن سکتا ہوں۔ وفاقی وزیر ریلوے کا کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان ایک ایماندار اور مخلص شخص ہیں جو ملک و قوم کی بہتری کے لیے ملک سے کرپشن کے جڑ سے خاتمے کے لیے کوششیں جاری رکھے ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کسی بھی کرپٹ عنصر کو کسی قسم کی کوئی ڈھیل نہیں دیں گے اور نہ ہی کسی کو کوئی این آر او دیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ قومی احتساب بیورو (نیب) ایک آزاد و خود مختار ادارہ ہے جو کرپشن کرنے والوں اور قومی دولت لوٹنے والوں کے خلاف اپنی کارروائیاں آزادانہ طریقے سے جاری رکھے ہوئے ہے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ہمیں اپنے اتحادیوں سے کوئی خطرہ نہیں، پاکستان پیپلز پارٹی اور پاکستان مسلم لیگ (ن) کبھی اکٹھی نہیں ہوںگی۔ ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ شریف خاندان نے بڑی بے دردی سے ملک و قوم کو لوٹا، نواز شریف کی سیاست ختم ہو چکی ہے، نواز شریف کو بیماری یہ ہے کہ اسے ملک سے باہر جانے دیا جائے۔ شیخ رشید احمد کا کہنا تھا کہ عوام شریف خاندان اور زرداری خاندان کی اصلیت جان چکے ہیں اور ان سے تنگ آ چکے ہیں، مجھے ملک سے ان دونوں خاندانوں کی سیاست ختم ہوتی ہوئی نظر آ رہی ہے۔ ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ میرے حلقے کے عوام نے ہمیشہ مجھے عزت دی ہے جس پر میں ان سب کا بہت مشکور ہوں، میں ایم ایل ون، نالہ لئی اور ہسپتال کے منصوےوں کی تکمیل کے لیے کوشاں ہوں، ان منصوبوں کو مکمل کرا کے میں باعزت طریقے سے ریٹائرڈ ہو جاﺅں گا کیونکہ میں عزت کی سیاست کرتا ہوں۔