وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد کی نجی ٹی وی چینل سے گفتگو

66

اسلام آباد ۔ 4 مارچ (اے پی پی) وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان نے بھارت کے ساتھ جاری کشیدگی کو کم کرنے کا بڑ افیصلہ لے کر امن پسند قوم کے قائد ہونے کا ثبوت دیا ہے۔ ایک نجی ٹی وی چینل سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے بھارتی پائلٹ کی رہائی کے خیر سگالی کے وزیراعظم کے اقدام کو سراہا۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان میں تمام سیاسی جماعتیں متحد ہیں اور بھارتی جارحیت کے خلاف حکومت کے ساتھ کھڑی ہیں، بھارتی وزیراعظم نریندر مودی با اعتماد شخص نہیں ہیں، بھارت کشمیری عوام کی تحریک آزادی کو دبا نہیں سکتا، یہ پاکستان کا فرض ہے کہ وہ اپنے کشمیری بہن بھائیوں کے ساتھ کھڑا ہو، پاکستان اپنے کشمیری بہن بھائیوں کی جدوجہد آزادی کی اخلاقی ، سیاسی اور سفارتی حمایت جاری رکھے گا۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہاکہ پاکستان مسلم لیگ (ن) اور پاکستان پیپلزپارٹی کی سابقہ حکومتوں نے قومی اداروں کو نقصان پہنچایا لیکن موجودہ حکومت ملک کو مختلف بحرانوں سے نکالنے کیلئے مثبت کوششیں کر رہی ہے۔