اسلام آباد۔7ستمبر (اے پی پی):وفاقی وزیر ریلوے و ہوا بازی خواجہ سعد رفیق سے پاکستان میں جاپان کے سفیر مسٹر واڈا میتسوہیرو نے ملاقات کی۔ وفاقی وزیرخواجہ سعد رفیق نے مندوب کا خیرمقدم کرتے ہوئے دوطرفہ باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا ۔ پاکستان اور جاپان کے دیرینہ تعلقات ہیں جو کہ خوشگواروستی اور خیر سگالی کی علامت ہیں ۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان جاپان کے ساتھ اپنے تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے اور باہمی مفادات کے تمام شعبوں بالخصوص ریلوے اور ایوی ایشن میں تعلقات کو مزید فروغ دینے کا خواہاں ہے۔ جاپانی کمپنیو ں کی پاکستان میں سرمایہ کاری ہمیشہ خوش آئند ہے جس کے لئے ان سے ہر ممکن تعاون کیا جائے گا۔ انہوں نے سیلاب متاثرین کے لیے 7 ملین امریکی ڈالر کی ہنگامی امداد فراہم کرنے کے جاپانی منصوبے پربھی سفیر کا شکریہ ادا کیا۔
جاپانی سفیر واڈا مٹسوہیرو نے حالیہ سیلاب سے ہونے والی تباہی پر حکومت پاکستان اور عوام سے دکھ و ہمدردی کا اظہار کیا اور ملک میں مون سون کی غیر معمولی بارشوں سے ہونے والے جانی نقصان پر تعزیت کا اظہار کیا۔ انہوں نے افغانستان سے انخلا کرنے والے جاپانی مسافروں پر مشتمل ہوائی جہازوں کو اجازت دینے پر وزارت ہوا بازی کی کوششوں کو بھی سراہا۔
انہوں نے پاکستان میں ریلوے اور ایوی ایشن کی صنعتوں میں بھی گہری دلچسپی ظاہر کی اور ان صنعتوں میں حکومت پاکستان کے ساتھ کام کرنے کی خواہش کا اظہار کیا۔