اسلام آباد۔3اکتوبر (اے پی پی):وفاقی وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی آغا حسن بلوچ نے اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور کے تحقیقی منصوبوں کو قومی امنگوں اور ترجیحات کا عکاس قرار دیا ہے۔
وفاقی وزیر نے ان خیالات کا اظہار وائس چانسلر اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور انجینئر پروفیسر ڈاکٹر اطہر محبوب سے پیر کو یہاں ملاقات کے دوران کیا۔ وزارت سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کی جانب سے جاری بیان کے مطابق اس موقع پر وائس چانسلر نے وفاقی وزیر کو یونیورسٹی میں جاری تحقیقی سرگرمیوں اور انفارمیشن ٹیکنالوجی کے منصوبوں اور ترقیاتی سرگرمیوں سے آگاہ کیا۔
انہوں نے کہا کہ اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور کپاس کی ورائٹیوں اور بیجوں کی تیاری کے حوالے سے عالمی شہرت حاصل کرچکی ہے۔ اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور کی کپاس کی اقسام پنجاب کے کاشت کے چالیس فیصد سے ذائد رقبے پر اگائی جا رہی ہے، کپاس کی یہ اقسام ملک میں ٹیکسٹائل کی صنعت کی بحالی یں کلیدی کردار کے حامل ہیں، سویابین اور مکئی کی انٹرکراپنگ کا منصوبہ چین کی یونیورسٹی کے تعاون سے جاری ہے، اگر اس منصوبے پر عمل درآمد کیا جائے تو پاکستان خوردنی تیل اور پولٹری فیڈ کی درآمد کی مد میں اربوں ڈالر کا زر مبادلہ بچاسکتا ہے، چولستان کے سات ملین ایکڑ رقبے کو بارش میں اضافے کے منصوبے سے پاکستان کی فروٹ باسکٹ میں تبدیل کیا جاسکتا ہے۔
وفاقی وزیر نے کہا کے وہ ان منصوبوں کو عملی شکل دینے کے لئے وفاقی سطح پر بات چیت کریں گے۔ وائس چانسلر نے اس موقع پر انہیں بتایا کہ اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور آئی ٹی کے میدان میں بھی نمایاں کام کر رہی ہے۔ اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور کی ٹیسٹنگ سروس ریکروٹمنٹ اور داخلوں کے لیے دوسرے اداروں اور جامعات کو خدمات فراہم کر رہی ہے، صوبائی حکومت کے تعاون سے ای روزگار اور دیگر منصوبوں کے ذریعے سینکڑوں آئی پروفیشنل تیار کئے گئے۔
اسی طرح ٹیک پورا کا منصوبہ بھی آئی ٹی کے میدان میں بہاولپور کے لئے سنگ میل کی حیثیت رکھتا ہے۔ وفاقی وزیر آغا حسن بلوچ نے کہا کہ اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور کی یہ کامیابیاں مثالی ہیں اور وہ جلد یونیورسٹی کا دورہ کرکے ان منصوبوں کا مشاہدہ کریں گے اور استاتذہ اور طلباءسے ملاقات کریں گے۔