اسلام آباد ۔ 31 جنوری (اے پی پی)وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے کہا ہے کہ اشیاءخوردونوش کی رجسٹریشن اور لائسنس کا اجراء وفاقی حکومت کی صوابدید ہے، کاروباری سرگرمیوں کو فروغ دینا اور تاجروں اور صنعت کاروں کو سہولت دینا تحریک انصاف کی حکومت کا منشور ہے۔یہ بات انہوں نے مشترکہ مفادات کونسل کے فیصلہ کے پیش نظر جمعہ کو اشیاءخورد و نوش کے یکساں معیار کے …
وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری کا اشیاءخوردونوش کے یکساں معیار کے تعین کے سلسلے میں اجلاس سے خطاب

مزید خبریں
اسلام آباد ۔ 31 جنوری (اے پی پی)وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے کہا ہے کہ اشیاءخوردونوش کی رجسٹریشن اور لائسنس کا اجراء وفاقی حکومت کی صوابدید ہے، کاروباری سرگرمیوں کو فروغ دینا اور تاجروں اور صنعت کاروں کو سہولت دینا تحریک انصاف کی حکومت کا منشور ہے۔یہ بات انہوں نے مشترکہ مفادات کونسل کے فیصلہ کے پیش نظر جمعہ کو اشیاءخورد و نوش کے یکساں معیار کے تعین کے سلسلے میں اعلی سطح کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔ اجلاس میں چیئرمین سرمایہ کاری بورڈ زبیر گیلانی سمیت ڈی جی پاکستان اسٹینڈرز اینڈ کوالٹی کنٹرول اتھارٹی حلیم میمن، چیئرمین پنجاب فوڈ اتھارٹی عمر بٹ، چاروں صوبوں کے ڈی جی فوڈ اتھارٹی اور دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی۔ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے وفاقی وزیر فواد چوہدری نے کہاکہ اشیاءخورد و نوش کے معیار کا تعین اور ان کی رجسٹریشن اور لائسنس کا اجراءوفاقی حکومت کا صوبدیدی اختیار ہے اور وفاقی حکومت کے تیار کردہ معیارات کا نفاذ صوبائی حکومتوں کی ذمہ داری ہے۔ فواد چوہدری کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان میں کاروبار کو آسان بنانے کے لئے اشیاءخورد و نوش کے یکساں معیار، رجسٹریشن اور لائسنس کے اجراء کا اختیار وفاقی حکومت کو تفویض کرنا ناگزیر ہے۔ وفاقی وزیر کا مزید کہنا تھا کہ کاروباری سرگرمیوں کو فروغ دینا اور تاجروں اور صنعت کاروں کو سہولت دینا تحریک انصاف کی حکومت کا منشور ہے۔اجلاس میں فوڈ آئٹمز کے یکساں معیار کے تعین کے قوائد و ضوابط طے کرنے کے لئے اسٹیئرنگ کمیٹی کے قیام کا فیصلہ کیا گیا۔ اسٹیئرنگ کمیٹی وزارت سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کے ایڈیشنل سیکرٹری کی سربراہی میں پاکستان اسٹینڈرڈز اینڈ کوالٹی کنٹرول اتھارٹی اور چاروں صوبوں سے دو دو نامزد کردہ نمائندوں پر مشتمل ہوگی۔ اجلاس میں فوڈ بزنس کو ڈیجیٹلائز کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا۔اجلاس کے دوران اپنے اختیارات میں تخفیف کے خدشہ کے پیش نظر پنجاب فوڈ اتھارٹی کے حکام کی جانب سے اجلاس میں کیئے گئے فیصلوں کی مخالفت کی گئی جس پر وفاقی وزیر فواد چوہدری نے کہا کہ تمام فیصلے آئین و قانون اور جدید کاروباری تقاضوں کو مدنظر رکھتے ہوئے کیئے جائینگے۔








