اسلام آباد ۔ 7 اگست (اے پی پی) وفاقی وزیر برائے سائنس وٹیکنالوجی چوہدری فواد حسین نے کہا ہے کہ قومی احتساب بیورو (نیب) نے اپوزیشن رہنماو¿ں کے خلاف بدعنوانی کے جو کیسز بنائے ہیں وہ حقیقت اور صداقت پر مبنی ہیں، نیب آزاد ادارہ ہے اور وہ حکومت کی مداخلت کے بغیر بدعنوان عناصر اور لوٹ مار کرنے والوں کے خلاف احتساب کا عمل جاری رکھے ہوئے ہے، حکومت کو کوئی خطرہ نہیں ہے وہ اپنی آئینی مدت پوری کرے گی۔ جمعہ کو نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کا ایجنڈا بدعنوان عناصر کے خلاف احتساب پر مبنی ہے ، عمران خان کی متحرک قیادت میں پاکستان تحریک (پی ٹی آئی) حکومت ملک سے بدعنوانی اور منی لانڈرنگ کے خاتمے کے لئے پرعزم ہے۔ چوہدری فواد حسین نے کہا کہ پوری قوم وزیر اعظم عمران خان سے اپیل کررہی ہے کہ لوٹ مار کرنے والوں کے خلاف احتساب بند نہ کریں اور لوٹی ہوئی قومی دولت برآمد کریں ۔ انہوں نے دعوی کیا کہ سابق وزیر اعظم نواز شریف اور ان کی صاحبزادی مریم نواز نے اربوں روپے کی منی لانڈرنگ کی ہے، انہوں نے مزید کہا کہ حقیقت میں اپوزیشن احتساب سے بچنے کے لئے قومی مفاہمت آرڈیننس (این آر او) لینا چاہتی ہے لیکن وہ اپنے مذموم مقاصد میں کبھی کامیاب نہیں ہو گی۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کی حکومت کو کوئی خطرہ نہیں ہے اور وہ اپنی آئینی مدت پوری کرے گی