وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی چوہدری فواد حسین کی نجی ٹی وی چینل سے گفتگو

53

اسلام آباد ۔ 23 ستمبر (اے پی پی) وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی چوہدری فواد حسین نے کہا ہے کہ پاکستان مسلم لیگ ن مریم نواز اور شہباز شریف دوگروپوں میں تقسیم ہو گئی ہے، دونوں لیگی رہنما جماعت کے اندر الگ الگ گروپس کی قیادت کر رہے ہیں۔ بدھ کو نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ شریف فیملی اور ن لیگ کی سیاست مکمل طور پر منافقت اور دھوکہ دہی پر مبنی ہے اسلئے مریم نواز کو اب اپنے نئے گروپ کا اعلان کر دینا چاہیے۔ چوہدری فواد حسین نے کہا کہ ن لیگ دوغلی سیاست کر رہی ہے، اجلاس میں اس کے رہنمائوں کا بیانیہ مختلف ہوتا ہے اور باہر آنے کے بعد یہ عوام سے جھوٹ بولتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن جماعتیں جس طریقے کے ساتھ سیاست کر رہی ہیں عوام کو اس سے بڑی مایوسی ہوئی ہے کیونکہ وہ اچھی طرح جان گئے ہیں کہ اپوزیشن کی سیاست صرف اپنے ذاتی مفادات کو تحفظ دینے کیلئے ہے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان ملکی سیاست اور عوام کی امیدوں کا مرکز ہیں کیونکہ عوام جانتے ہیں کہ اس وقت ملک میں صرف وزیراعظم عمران خان ہی واحد سیاسی رہنما ہیں جو ان کے مسائل حل کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ اپوزیشن کی حکومت مخالف تحریک شروع ہونے سے پہلے ہی فلاپ ہو کر ختم ہو جائے گی۔