وفاقی وزیر ساجد حسین طوری کی پاکستان میں ایران اور عراق کے سفراء سے ملاقاتیں

اسلام آباد۔22اگست (اے پی پی):وفاقی وزیر سمندر پار پاکستانیز و ترقی انسانی وسائل ساجد حسین طوری نے منگل کو پاکستان میں ایرانی سفیر سید محمد علی حسینی اور عراق کے سفیر حامد عباس لفطہ سے ملاقاتیں کیں جس میں دوطرفہ تعلقات، تجارتی اور ثقافتی تعاون، انسانی وسائل، دونوں ممالک میں مقیم پاکستانیوں کی فلاح و بہبود اور قید پاکستانیوں کی رہائی سمیت مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ دونوں ملاقاتوں میں پاکستانی زائرین کو درپیش مسائل اور سہولیات پر بات چیت کی گئی اور مسائل کے حل کے لئے مختلف آپشنز زیر بحث لائے گئے۔

ایرانی سفیر سید محمد علی حسینی نے ساجد حسین طوری کو وفاقی وزیر کا عہدہ سنبھالنے پر نیک خواہشات کا اظہار کیا اور سفارتخانے پہنچنے پر پرتپاک استقبال کیا۔ ایرانی سفیر سے گفتگو کرتے ہوئے ساجد حسین طوری نے کہا کہ ایران اور پاکستان کا تاریخی، روحانی، برادرانہ اور ثقافتی رشتہ گہرا اور لازوال ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ایران کے ساتھ اپنے تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے۔ انہوں نے اظہار کیا کہ پاک ایران دوطرفہ تعلقات بالخصوص تجارتی اور اقتصادی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کی ضرورت ہے۔

وفاقی وزیر ساجد حسین طوری نے کہا کہ اربعین امام حسین علیہ السلام پر لاکھوں زائرین براستہ ایران عراق جاتے ہیں جن کو مختلف مسائل کا سامنا ہے ۔ انہوں نے ایرانی سفیر سے کہا کہ پاکستانی زائرین کو ڈبل انٹری ویزہ کی منظوری دی جائے تاکہ وہ عراق سے واپسی پر آسانی سے ایران میں داخل ہو سکے۔ ایرانی سفیر نے کہا کہ ان تمام زائرین جنکا عراقی ویزہ لگا ہو انکو ایرانی ویزہ دیا جائیگا تاکہ انکو ایران عراق سرحد پر کسی پریشانی کا سامنا نہ ہو۔

وفاقی وزیر ساجد طوری نے کہا کہ زیادہ تر غریب لوگ زمینی راستوں سے زیارات مشہد مقدس اور کربلائی معٰلی جاتے ہیں جنکے لئے مہران اور دیگر پاک ایران سرحدات کھل دی جائیں۔ انہوں نے یہ بھی مطالبہ کیا کہ زائرین کو زمینی راستوں پر سہولیات اور پاکستانی بسوں کے داخلے کی اجازت دی جائے۔ ایرانی سفیر سید محمد علی حسینی نے کہا کہ ایران میں زائرین کا بھرپور خیال رکھا جا رہا ہے اور ان کی ہر ممکن خدمت کی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہا پاکستانی زائرین کے قافلوں کو مہران بارڈر و دیگر بارڈرز پر انٹری دی جا رہی ہے۔

ایرانی سفیر نے کہا کہ زائرین کی خدمت کے لئے زمینی راستوں پر جگہ جگہ تمام سہولیات کیساتھ سرائے قائم کئے گئے ہیں جہاں وہ رات کو قیام بھی کر سکتے ہیں۔وفاقی وزیر ساجد حسین طوری نے ایرانی سفیر سے معمولی جرائم میں ملوث پاکستانیوں کی رہائی کا بھی مطالبہ کیا جس پر انہوں نے کہا کہ معمولی جرائم میں ملوث پاکستانیوں کو جلد رہا کر دیا جائے گا۔

وفاقی وزیر نے ایرانی سفیر کو یقین دہانی کرائی کہ پاکستانیوں کو غیر قانونی طور پر ایران لے جانے والے ایجنٹوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔ عراق کے سفیر حامد عباس سے بات کرتے ہوئے وفاقی وزیر ساجد حسین طوری نے کہا کہ عراق اور پاکستان کے مابین مضبوط تاریخی، روحانی اور ثقافتی رشتہ ہے اور پاکستان کے اس برادرانہ تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اللہ تعالیٰ کا شکر ہے کہ عراق میں امن بحال ہوا اور اب تیزی سے ترقی کی راہ پر گامزن ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہر سال لاکھوں پاکستانی اربعین پر زیارت امام حسین علیہ سلام کے لئے عراق جاتے ہیں اور ہماری کوشش ہے کہ زائرین امام حسین علیہ سلام کے مشکلات کو کم کرسکے۔ ساجد حسین طوری نے عراقی سفیر سے مطالبہ کیا کہ چالیس سال کے عمر سے کم پاکستانیوں کو ویزہ دینے پر پابندی اٹھائی جائے کیونکہ اسکی وجہ سے بہت سے لوگ زیارات کی سعادت سے محروم ہو رہے ہیں۔ اس موقع پر عراقی سفیر حامد عباس نے وفاقی وزیر برائے اوورسیز پاکستانیز کو باور کروایا کہ دونوں ممالک مل کر پاکستانیوں کے لئے عراق میں قانونی طور پر کام کرنے کے مواقع پیدا کئے جاسکتے ہیں۔

عراقی سفیر سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ انکی وزارت پاکستانی وزرات خارجہ و مذہبی امور کیساتھ ملکر زیارات کے لئے جامع پالیسی مرتب کر رہے ہیں تاکہ زائرین کے لئے آسانیاں پیدا ہوسکے اور غیر قانونی طور پر عراق جانے والوں کو مکمل روک تھام ہو سکے۔ انہوں نے کہا کہ جامع پالیسی مرتب ہونے تک اربعین کے لیے زائرین کو ویزے جاری کرنے میں نرمی دی جائے۔ وفاقی وزیر نے یہ بھی مطالبہ کیا کہ معمولی جرائم پر عراق کے جیلوں میں قید پاکستانیوں کو جلد رہا کیا جائے تاکہ وہ اپنے گھروں لوٹ آسکے۔

عراقی سفیر حامد عباس نے وفاقی وزیر ساجد حسین طوری کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ عراق اور وہاں کے عوام کو پاکستان کیساتھ برادرانہ تعلقات پر فخر ہے اور عراقی عوام پاکستان کو اپنا دوسرا گھر سمجھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور عراق شروع سے ہی بہت اچھے دوست ہیں اور ہمیشہ رہیں گے۔

عراقی سفیر حامد عباس نے بتایا کہ امسال اب تک اربعین پر جانے کے لئے 25ہزار پاکستانیوں کو عراقی ویزے جاری کئے گئے ہیں اور اربعین تک مزید ویزے جاری کئے جائیں گے۔ عراقی سفیر نے وفاقی وزیر ساجد حسین طوری کو عراق دورے کی دعوت دی اور پاکستانی قیدیوں کی رہائی کی یقین دہائی کرائی۔ وفاقی وزیر ساجد حسین طوری نے عراقی سفیر کا دعوت قبول کرتے ہوئے ان کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ اربعین کے بعد وہ خود عراق کا دورہ کرینگے جہاں وہ عراقی حکام سے دوطرفہ تعلقات کو تقویت دینے اور مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر بات چیت کریں گے۔