اسلام آباد۔28اگست (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے سمندرپار پاکستانیز و ترقی انسانی وسائل چوہدری سالک حسین نے جمعرات کو بونیر میں سیلاب سے متاثرہ علاقے کا تفصیلی دورہ کیا اور متاثرہ محنت کشوں میں ورکرز ویلفیئر فنڈ کی طرف سے امدادی چیک تقسیم کیے۔ اس موقع پر وفاقی سیکرٹری ندیم اسلم چوہدری اور سیکرٹری ورکرز ویلفیئر فنڈ ذولفقار احمد بھی وفاقی وزیر کے ہمراہ تھے ۔ وزارت سے جاری پریس ریلیز کے مطابق بونیر آمد پر ڈپٹی کمشنر بونیر کاشف قیوم نے وفاقی وزیر کو سیلاب سے ہونے والی تباہ کاریوں سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی۔اس موقع پر متاثرہ محنت کشوں سے گفتگو کرتے ہوئے چوہدری سالک حسین نے کہا کہ دکھ اور مصیبت کی اس مشکل گھڑی میں ہم آ پ کے ساتھ کھڑے ہیں، یہ دکھ صرف آ پ کا نہیں بلکہ ہم سب کا ہے اور آزمائش کے یہ لمحات ہمیں مایوس کرنے کے لیے نہیں بلکہ ہمیں اور مضبوط بنانے کے لیے آتے ہیں۔
چوہدری سالک حسین نے کہا کہ ایسی مشکل گھڑی میں ہمیں ایک دوسرے کو سہارا دینے کی ضرورت ہے، ہم سیاست سے بالاتر ہو کر لوگوں کی خدمت پر یقین رکھتے ہیں کیونکہ ہم سب پاکستانی اور ایک قوم ہیں ۔وفاقی وزیر چوہدری سالک حسین نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ہم سب مل کر متاثرہ لوگوں کو دوبارہ اپنے پائوں پر کھڑا کریں گے اور ورکرز ویلفیئر فنڈ متاثرہ محنت کشوں کی بحالی تک امداد جاری رکھے گا۔بعدازاں چوہدری سالک حسین متاثرہ گائوں ملک آباد پہنچے اور جاں بحق ہونے والے افراد کیلئے فاتحہ خوانی کی اور ان کے لواحقین سے مل کر ہمدردی کا اظہار کیا۔اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وہ وزیر اعظم محمد شہباز شریف کے نمائندہ کے طور پر متاثرین سے ملنے آئے ہیں ۔وفاقی وزیر نے لواحقین کی طرف سے انفراسٹرکچر کی بحالی کے حوالے سے مطالبہ پر ڈپٹی کمشنر کو ہدایت کی کہ مطالبات کی جامع تفصیل وفاقی سیکرٹری کو ارسال کی جائے۔انہوں نے یقین دلایا کہ جو کام وفاقی حکومت کے دائرہ اختیار میں ہیں وہ ضرور پورے کیے جائیں گے ۔معززین علاقہ نے چوہدری سالک حسین اور ورکرز ویلفیئر فنڈ کے سیکرٹری ذوالفقار احمد کا خصوصی شکریہ ادا کیا۔