"وفاقی وزیر برائے تخفیفِ غربت و سماجی تحفظ سید عمران احمد شاہ سے ورلڈ فوڈ پروگرام کی نو تعینات کنٹری ڈائریکٹر انیتا ہرش نے ملاقات کی، جس میں سماجی تحفظ، غذائی تحفظ اور باہمی تعاون کے فروغ پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔”
وفاقی وزیر سید عمران احمد شاہ سے ورلڈ فوڈ پروگرام کی نو تعینات کنٹری ڈائریکٹر انیتا ہرش کی ملاقات

مزید خبریں
اسلام آباد۔15جولائی (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے تخفیف غربت و سماجی تحفظ سید عمران احمد شاہ سے ورلڈ فوڈ پروگرام کی نو تعینات کنٹری ڈائریکٹر انیتا ہرش نے اسلام آباد میں ملاقات کی۔
بدھ کو وزارت سے جاری بیان کے مطابق وفاقی وزیر نے انیتا ہرش کو پاکستان میں ذمہ داریاں سنبھالنے پر خوش آمدید کہا اور ان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ انہوں نے حکومت پاکستان اور ورلڈ فوڈ پروگرام کے درمیان غذائی تحفظ، غذائیت اور سماجی تحفظ کے شعبوں میں جاری دیرینہ تعاون کو سراہتے ہوئے اس شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار کیا۔ملاقات کے دوران وفاقی وزیر نے بینظیر نشوونما پروگرام کی تین سالہ توسیع کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ اس پروگرام نے ماں اور بچے کی غذائیت بہتر بنانے اور بچوں میں نشوونما کی کمی (Stunting) کی شرح میں نمایاں بہتری لانے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔فریقین نے وزارت تخفیف غربت و سماجی تحفظ کے ماتحت دیگر اداروں تک ورلڈ فوڈ پروگرام کے تعاون کو وسعت دینے پر بھی تبادلہ خیال کیا۔ اس سلسلے میں غذائیت، غذائی تحفظ، سکول میلز پروگرام، شواہد پر مبنی پالیسی سازی اور دیگر سماجی تحفظ کے اقدامات میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔وفاقی وزیر سید عمران احمد شاہ نے کہا کہ حکومت پاکستان کمزور اور مستحق طبقات کے لیے ایک موثر، جامع اور پائیدار سماجی تحفظ کا نظام مزید مضبوط بنانے کے لیے ترقیاتی شراکت داروں کے ساتھ قریبی تعاون جاری رکھے گی۔اس موقع پر انیتا ہرش نے حکومت پاکستان کے ساتھ غذائیت، غذائی تحفظ اور سماجی تحفظ کے شعبوں میں ورلڈ فوڈ پروگرام کے تعاون کو جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔ انہوں نے پاکستان میں کمزور طبقات کی فلاح و بہبود کے لیے حکومت کی کوششوں کو سراہتے ہوئے ان شعبوں میں تعاون کو مزید وسعت دینے کی خواہش کا اظہار بھی کیا








