پشاور۔ 24 جولائی (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے تخفیف غربت و سماجی تحفظ سید عمران احمد شاہ نے بی آئی ایس پی ریجنل آفس پشاور کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے جاری منصوبوں کا جائزہ لیا اور شفاف، مؤثر اور عوام دوست سروسز کی فراہمی کے حکومتی عزم کا اعادہ کیا۔ ڈی جی بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام (بی آئی ایس پی) خیبرپختونخوا حیدر مرتضی کی جانب سے تفصیلی بریفنگ …
وفاقی وزیر سید عمران احمد شاہ کا بی آئی ایس پی ریجنل آفس پشاور کا دورہ

مزید خبریں
پشاور۔ 24 جولائی (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے تخفیف غربت و سماجی تحفظ سید عمران احمد شاہ نے بی آئی ایس پی ریجنل آفس پشاور کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے جاری منصوبوں کا جائزہ لیا اور شفاف، مؤثر اور عوام دوست سروسز کی فراہمی کے حکومتی عزم کا اعادہ کیا۔
ڈی جی بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام (بی آئی ایس پی) خیبرپختونخوا حیدر مرتضی کی جانب سے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ خیبرپختونخوا کے 34 اضلاع اور 64 تحصیلوں میں ہمارے دفاتر موجود ہیں۔ بینظیر کفالت پروگرام کے تحت خیبرپختونخوا میں 1987047 لوگوں کو مالی امداد دی جا رہی ہے۔ بینظیر تعلیمی وظائف پروگرام سے 3058263 سے زائد بچوں کا سکولوں میں داخلہ یقینی بنایا گیا،بینظیر نشوونما پروگرام کے ذریعے ماں اور بچے کی غذائی ضروریات پر خصوصی توجہ دی گئی۔
وفاقی وزیر نے بی آئی ایس پی خیبرپختونخوا ٹیم کی محنت اور لگن کو سراہا اور سماجی تحفظ کے میدان میں ان کی خدمات کو خراج تحسین پیش کیا۔اس موقع پر وفاقی وزیر سید عمران احمد شاہ کا کہنا تھا کہ عوام کو غربت سے بچانے کے لئے ہماری حکومت کے بھر پور اقدامات جاری ہیں، اس مقصد کے لئے بجٹ میں سات سو ارب روپے مختص کر چکے ہیں جو ان کی فلاح وبہود پر خرچ ہونگے ۔
انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت غربت کے خاتمے میں سنجیدہ ہے،آج میں نے ملک گیر دوروں کا آغاز پشاور سے کیا ہے ،میرے دوروں کا مقصد دکھی انسانیت کی خدمت کرنا ہے ۔انہوں نے کہا کہ ہم نے صحیح معنوں میں ملک کی خدمت کرنی ہے اور کرپشن کو روکنا ہے ۔
انہوں نے کہا کہ پسماندہ اضلاع میں درپیش مشکلات کو حل کریں گے،خیبرپختونخوا میں جہاں جہاں سیلاب آئے ہیں وہاں متاثرین کی مدد کریں گے،ابھی ہم اگلے مرحلے میں بلوچستان کا دورہ کریں گے۔انہوں نے کہا کہ میری کوشش ہے کہ غربت کا خاتمہ کرسکیں،ہم اپنے بچوں کو ہنر مند پروگرام کے تحت ہنر سیکھارہے ہیں تاکہ وہ اپنے پاوں پر کھڑے ہوسکیں۔








