اسلام آباد۔7ستمبر (اے پی پی):وفاقی وزیر تجارت سید نوید قمر نے بدھ کے روز سیکرٹری تجارت صالح احمد فاروقی اور سپیشل سیکرٹری تجارت احمد مجتبیٰ میمن کے ہمراہ انٹیلکچوئل پراپرٹی آرگنائزیشن (آئی پی او) پاکستان کا دورہ کیا۔
اس موقع پرڈائریکٹر جنرل آئی پی او شازیہ عدنان کی جانب سے آئی پی او کے کردار، مینڈیٹ، قومی اور بین الاقوامی تعاون، قانون سازی کی کامیابیوں اور بین الاقوامی معاہدوں سے الحاق کے بارے میں ایک جامع بریفنگ دی گئی۔
وفاقی وزیر نے آئی پی او کی کارکردگی، کامیابیوں اور آگاہی کی سرگرمیوں کو سراہا۔ملک میں آئی پی او میکانزم کے نفاذ پر تبادلہ خیال کرتے ہوئے سید نوید قمر نے حیدرآباد میں انفورسمنٹ کوآرڈینیشن کمیٹی کی ضرورت کا اظہار کیا کیونکہ یہ کراچی کے بعد سندھ کا دوسرا کاروباری مرکز ہے۔
بعد ازاں وفاقی وزیر نے پالیسی بورڈ اور چیئرمین کی فوری بنیادوں پر تقرریوں کی یقین دہانی کرائی۔مزید برآں وفاقی وزیر نے فالو اپ میٹنگ اور کاروبار کرنے میں آسانی اور خدمات کی فراہمی کے لیے تنظیم کے مکمل آٹومیشن پر توجہ مرکوز کرنے کو بھی کہا۔