وفاقی وزیر شازیہ مری کا پاکستان بیت المال ہیڈ آفس کا دورہ

111

اسلام آباد۔12مئی (اے پی پی):وفاقی وزیر شازیہ مری نے پاکستان بیت المال ہیڈ آفس کا دورہ کیا جہاں انہیں ادارے کے جاری منصوبوں کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ اس موقع پرپاکستان بیت المال کے افسران بھی موجود تھے۔

وفاقی وزیر برائے تخفیفِ غربت و سماجی تحفظ ڈویژن کوپاکستان بیت المال کی طرف سے ان تمام جاری منصوبوں کے حوالے سے بتایا گیا جن کی مدد سے ملک بھر کے غریب اور نادار افراد کی امداد اور بحالی کے لیے یقینی اقدامات اٹھائے جارہے ہیں۔ ان عوامی فلاحی منصوبوں میں غریب افراد کے مفت علاج معالجے، مستحق طالب علموں کے لیے تعلیمی وظائف، خواتین کو با اختیار بنانےاور معذور افراد کی امداد و بحالی جیسے اقدامات سمیت چائلڈ لیبر کے خاتمے کے اقدامات اور یتیم بچوں کی رہائش اور تعلیم و تربیت کے لیے قائم مراکز نمایاں حیثیت کے حامل ہیں۔

وفاقی وزیر شازیہ مری نے پاکستان بیت المال کے منصوبوں کو سراہتے ہوئے غربت کے خاتمے کے لیے نہایت موثر قرار دیا۔ انہوں نے ان منصوبوں کی افادیت اور دائرہ کار میں اضافے پر بھی زور دیا تاکہ زیادہ سے زیادہ مستحق افراد کی داد رسی کو یقینی بنایا جاسکے۔ اس موقع پر شازیہ مری نے پاکستان بیت المال ہیڈ آفس کال سنٹر کی نئی عمارت کا افتتاح بھی کیا۔

شازیہ مری نے کال سنٹر میں خواتین ملازمین کے کام کو سراہا۔ پاکستان بھر میں بیت المال سے مدد حاصل کرنے والے افراد کال سینٹر سے رابطہ کر سکتے ہیں ۔ ملک بھر میں جن لوگوں نے بیت المال میں مدد کیلئے درخواستیں جمع کی ہوتی ہیں ان کو اپنی درخواستوں کے متعلق معلومات کال سینٹر سے فوری فراہم کر دی جاتی ہیں۔ کال سینٹر سے 080066666 پر رابطہ کیا جا سکتا ہے۔