اسلام آباد۔27مئی (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی شبلی فراز نے پاکستان کونسل برائے قابل تجدید توانائی ٹیکنالوجیز (پی سی آر ای ٹی) کو ہدایت کی ہے کہ وہ ملک میں درآمد کی جانے والی قابل تجدید توانائی کی مصنوعات خصوصاً پی وی پینلز کے معیار کو یقینی بنانے کے لئے ایک طریقہ کار وضع کرے۔
یہ بات انہوں نے جمعرات وزارت سائنس و ٹیکنالوجی میں پی سی آر ای ٹی سے متعلق اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔ اس موقع پر نجی شعبے کے نمائندے بھی موجود تھے۔وفاقی وزیر نے کہا کہ صارفین کے مفادات کے تحفظ کے لئے غیر معیاری مصنوعات کی درآمد کی حوصلہ شکنی کی جانی چاہئے۔
وفاقی وزیر نے اس بات پر زور دیا کہ یہ صارفین کا حق ہے کہ انھیں فروخت کی جانے والی مصنوعات کے معیار کے بارے میں پوری طرح آگاہ کیا جائے۔ انہیں بتایا گیا کہ پی سی آر ای ٹی نے پی وی پینلز کے معیار کی جانچ کے لئے اسٹیٹ آف دی آرٹ لیبارٹری پر کام شروع کردیا ہے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ ملک میں قابل تجدید توانائی کی صلاحیتوں کو بروئے کار لانے کے لئے ہر ممکن کوشش کی جانی چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان قابل تجدید توانائی کے وسیع وسائل موجود ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ یہ وسائل مستقبل میں توانائی کی پیداوار کے میٹرکس اور مستقبل فراہمی میں اہم کردار ادا کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ انہوں نے پی سی آر ای ٹی کو ہدایت کی کہ وہ کمرشلائزیشن کو اپنے مینڈیٹ کا مرکزی حصہ بنائے اور ایسے منصوبوں پر کام شروع کرے جو ملک کی معاشی و سماجی ترقی میں کردار ادا کریں۔