وفاقی وزیر شفقت محمود کی زیر صدارت قائد اعظم مزار مینجمنٹ بورڈ کا اجلاس،مزارکی دیکھ بھال اور ترقی کے لئے اٹھائے گئے اقدامات کا جائزہ لیا گیا

159
وفاقی وزیر شفقت محمود کی زیر صدارت قائد اعظم مزار مینجمنٹ بورڈ کا اجلاس،مزارکی دیکھ بھال اور ترقی کے لئے اٹھائے گئے اقدامات کا جائزہ لیا گیا

کراچی۔19نومبر (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت شفقت محمودکی زیر صدارت جمعہ کو قائد اعظم مزار مینجمنٹ بورڈ کا اجلاس بورڈ کے دفتر میں منعقد ہوا ،

جس میں وفاقی حکومت کی جانب سے مزار کی دیکھ بھال اور ترقی کے لئے اٹھائے گئے اقدامات سمیت دیگر متعلقہ سہولیات زیر غورآئیں ۔قائد اعظم مزار مینجمنٹ بورڈ کے 93 ویں اجلاس میں وفاقی وزیر کو مستقبل کے مجوزہ منصوبوں بشمول پاکستان پارک اور 35ایکڑ پر محیط میوزیم کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی ۔

پاکستان پارک اسٹیٹ آف دی آرٹ منصوبہ ہوگا ، جس کی لاگت کا تخمینہ 6 ارب روپے ہے، پارک پاکستان کی تاریخ ، جغرافیہ اور ثقافت کا عکا س ہوگا ۔ زیر زمین میوزیم بھی اس منصوبہ کا حصہ ہوگا جو قومی سطح پر ورثہ اور نوادرات کا اہم مقام ہوگا ۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ پارک کی تعمیرخوش آئند ہے ، یہ بڑا منصوبہ ہے اسلئے اس بات کو یقینی بنایا جائے کہ اس حوالے سے قواعد و ضوابط کی مکمل تعمیل کی جائے ۔

انہوں نے کہا کہ ابتداء میں معیاری پارک بنانا چاہئے ۔وفاقی وزیر کو یہ بھی بتایا گیا کہ شہری جنگلات کی شجرکاری مزار قائد کی 15 ایکڑ اراضی پر شروع کی گئی ہے اور اس میں کچھ سماجی تنظیموں نے رضاکارانہ طور پر تعاون کرنے کے خواہش کا اظہار کیا ہے ۔

وفاقی وزیر نے رضاکاروں کے جذبے کی تعریف کی اور بورڈ کو ہدایت کی کہ کسی کو قومی ورثہ تجارتی مقاصدکے استعمال ، مزار قائد کی ترقی ، اپ گریڈیشن یا دیگرسہولیات کے نام پر فنڈز اکٹھاکرنے کی اجازت نہ دی جائے ۔

انہوں نے سی سی ٹی وی کیمروں کو تبدیل کرنے کے لیے بھی فنڈز کی منظوری دی۔وفاقی وزیرنے قائد اعظم مزار مینجمنٹ بورڈکی کارکردگی اور مستقبل کے منصوبوں پر اطمینان کااظہار کیا ۔

انہوں نے ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا ۔اجلاس کے اختتام پر فیصلہ ہوا کہ بورڈ کا آئندہ اجلاس ایک ماہ کے اندر ہوگاتاکہ مجوزہ منصوبے وقت پر شروع کرنے کے لئے لائحہ عمل کو مزید تیز کیاجاسکے ۔

اجلاس میں وفاقی سیکریٹری برائے قومی ورثہ وثقافت سید آصف حیدر شاہ ،قائداعظم مزار مینجمنٹ بورڈکے ریذیڈنٹ انجینئر عبدالعلیم شیخ ،محمد حنیف جنہوں نے چیف سیکریٹری سندھ کی نمائندگی کی، سمیت دیگر نے شرکت کی ۔