
اسلام آباد ۔ 5 دسمبر (اے پی پی)وفاقی وزیر برائے قومی تحفظ خوراک و تحقیق صاحبزادہ محبوب سلطان سے پاکستان میں بیلاروس کے سفیر نے ملاقات کی۔ بدھ کے روز ہونے والی ملاقات کے دوران باہمی دلچسپی کے امور سمیت مختلف شعبوں میں دو طرفہ تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر زراعت، لائیو سٹاک سمیت دیگر شعبوں میں ایک دوسرے کے تجربات سے استفادہ کرنے پر اتفاق کرتے ہوئے تحقیقی سرگرمیوں کو فروغ دینے کے عزم کا اظہار بھی کیا گیا۔ اس موقع پر وفاقی وزیر صاحبزادہ محبوب سلطان نے مہمان کو خوش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک قریبی دوستی کے رشتے سے منسلک ہیں اور پاکستان بیلاروس کے تجربات سے استفادہ کرنا چاہتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک نے اس سے قبل بھی 18 مختلف شعبوں کی نشاندہی کی تھی جن میں دو طرفہ تعاون کو فروغ دیکر فوائد حاصل کئے جا سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بیلاروس نے زرعی شعبہ میں جدید ٹیکنالوجی کو فروغ دے کر نمایاں بہتری اورترقی حاصل کی ہے۔ پاکستان بھی بیلاروس کی طرح زراعت اور لائیو سٹاک کے شعبوں میں بیلاروس سے جدید ٹیکنالوجی کے استعمال کو بڑھانے کیلئے معلومات اور تجربات سے استفادہ کرنے کا خواہاں ہے۔