اسلام آباد ۔ 10 اپریل (اے پی پی) وفاقی وزیر صحت عامر محمود کیانی نے کہا ہے کہ اسلام آباد کو ہیپاٹائٹس سی اور ٹی بی فری بنانے کےلئے عملی کام کا آغاز کر دیا ہے، متعدی اور غیر متعدی امراض کی روک تھام کےلئے وزارت قومی صحت ہنگامی بنیادوں پر کام کر رہی ہے، اسلام آباد پولیس کے 12 ہزار سے زائد آفیسرز اور ملازمین کی ہیپاٹائٹس بی، سی اور ٹی بی کی مفت سکریننگ کی جائے گی، جو افراد ہیپاٹائٹس سی کے وائرس یا ٹی بی کے مرض میں مبتلا ہوں گے انہیں معیاری علاج کےلئے جی سیون تھری میں وزارت صحت کی طرف سے قائم ماڈل سنٹر ریفر کیا جائے گا جہاں پر ان کا مفت علاج معالجہ کےا جائے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کو اسلام آباد پولیس ہیڈکوارٹرز میں ہیپاٹائٹس کی فری سکریننگ کے کیمپ کے افتتاح کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ وزارت صحت ہیپاٹائٹس کے خاتمہ کےلئے پرعزم ہے، اسی لئے ہم اسلام آباد میں ہیپاٹائٹس کی روک تھام اور اس پر قابو پانے کیلئے ہنگامی بنیادوں پر کام کر رہے ہیں۔ وفاقی وزیر کہا کہ ہیپاٹائٹس ”سی“ فری علاج منصوبہ کے تحت پہلے مرحلہ میں اسلام آباد کی کچی بستیوں میں ہیپاٹائٹس اور ٹی بی کے مریضوں کو مفت ٹیسٹ اور مفت ادویات فراہم کی جا رہی ہیں۔ وزیر صحت نے کہا کہ ماضی میں صحت کے شعبہ کو نظر انداز کیا گیا، تحریک انصاف کی حکومت انسانوں کی فلاح و بہبود اور صحت پر وسائل خرچ کر رہی ہے، عام آدمی کو طبی سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنانے کےلئے ہر ممکن اقدامات کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے اسلام آباد کو صحت کے حوالہ سے ماڈل سٹی بنانے کا عزم کر رکھا ہے اور اس حوالہ سے بھرپور اقدامات کئے جا رہے ہیں اور اس کےلئے تمام تر وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔