
اسلام آباد ۔ 11 جنوری (اے پی پی) وفاقی وزیر صحت عامر محمود کیانی نے جمعہ کو فیڈرل جنرل ہسپتال چک شہزاد کا اچانک دورہ کیا اور ہسپتال میں مریضوں کو دی جانے والی سہولیات کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر وزیرِ صحت نے مریضوں کے لواحقین سے بھی بات چیت کی۔ وزیرِ صحت نے ایمرجنسی سمیت دیگر وارڈز کا معائنہ کیا اور انتظامیہ کو ہدایت کی کہ مریضوں کو ادویات کی بلاتعطل فراہمی کو یقینی بنایا جائے اورہسپتال میں صفائی کے نظام کو مزید بہتر بنایا جائے۔ عامر کیانی نے انتظامیہ کو ہدایت کی کہ مریضوں کو علاج کی سہولیات کی فراہمی میں کوئی دشواری نہیں پیش آنی چاہئے، مریضوں کی خدمت پیرا میڈیکل سٹاف اور ڈاکٹرز کا مقصد ہونا چاہئے۔ اس موقع پر وزیرِ صحت نے کہا کہ فیڈرل جنرل ہسپتال چک شہزاد کو اپ گریڈ کر کے جدید سہولیات سے آراستہ کیا جائے گا۔ میڈیکل ڈائریکٹر ڈاکٹر شاہد انصاری نے وزیرِ صحت کو ہسپتال میںجاری ترقیاتی کاموں کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔ اس موقع پر وزیرِ صحت نے ہسپتال میں جاری ترقیاتی کاموں کو تیزی سے مکمل کرنے کی ہدایت کی۔ بعدازاں وفاقی وزیرِ صحت نے نیشنل انسیٹیوٹ آف ہیلتھ کے متعدی امراض کے حوالہ سے قائم کردہ آپریشن سنٹر کا دورہ کرتے ہوئے قومی ادرہِ صحت کے ماہرین کوہدایت کی کہ ریسرچ پر خصوصی توجہ دی جائے۔ انہوں نے مزید کہا کہ بیماریوں کی روک تھام کے حوالے سے طبی تحقیق کا کردار انتہائی اہم ہے۔