راولپنڈی 13جنوری ( اے پی پی ) وفاقی وزیر صحت عامر محمود کیانی نے کہاہے کہ سابق حکومتوں نے صحت کے شعبے کو ہمیشہ نظر انداز کیا ،رواں ماہ کے اختتام اور فروری کے اوائل تک دو کروڑ ہیلتھ کارڈ جاری کئے جائیں گے ،راولپنڈی کے تینوں بڑے ہسپتالوں کو جدید بنائیں گے، ہولی فیملی ہسپتال میں سٹاف کی کمی کو جلد پورا کریں گے،ادویات کی قیمتوں میں مجبوراً اضافہ کیا ،ہولی فیملی ہسپتال میں سالانہ تیس لاکھ مریض آتے ہیں۔ اتوار کو وفاقی وزیر صحت عامر کیانی نے ہولی فیملی ہسپتال کے دورے کے موقع پر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہاکہ پاکستان میں صحت کبھی ترجیحات میں نہیں رہی، وزیراعظم عمران خان نے شیلٹر ہوم کا جو اعلان کیا تھا وہ یہاں تین دن میں مکمل ہو جائے گا، دیگر ہسپتالوں کے ساتھ بھی جلد شیلٹر ہوم مکمل ہو جائیں گے۔ وزیر صحت نے کہا کہ ہولی فیملی ہسپتال کی صفائی کے لیے ایک سو اسی لوگوں کو بھرتی کیا ہے۔ ایک سوال پر انہوںنے کہاکہ زیادہ تر ادویات بر آمد کی جاتی ہیں،±ڈالر کی قیمت میں کمی کی صورت میں ادویات کی قیمتوں میں دوبارہ کمی کر دیں گے۔ انہوںنے کہاکہ فارما سیوٹیکل کمپنیاں 30 فیصد اضافے کا مطالبہ کر رہی تھیں تاھم انہیں صرف 9 سے 15 فیصد پر راضی کیا۔وفاقی وزیر نے کہاکہ ہم عوام اور میڈیا کے سامنے جوابدہ ہیں، مزید ایک ہفتے میں ہسپتالوں کی حالت میں مزید بہتری نظر آئے گی۔انہوںنے کہاکہ ہسپتال میں سالانہ تیس لاکھ مریض آتے ہیں جبکہ ان کے ساتھ آنے والے اٹنڈنٹس کی تعداد ایک کروڑ تک ہے۔ انہوں نے کہاکہ وزیراعظم نے ان ہسپتالوں کا دورہ کیا، یہاں پر وارڈز میں ایک ایک بیڈ پر دو دو تین تین لوگ پڑے تھے ۔یہاں پر ادویات کا بہت بڑا مسئلہ تھا اور ہے،ادویات کے مسئلے کو حل کرنے کے لیے حکومت پنجاب سے بات ہوئی ہے، ایک ہفتہ پہلے کے حالات مختلف تھے، اسلام آباد میں تین نئے ہسپتال اور یونیورسٹی بنارہے ہیں، ہسپتال کنٹین کو بھی دیکھ رہے ہیں، پارکنگ، کینٹین اور صفائی کے معاملات کو بھی حل کیا جائے گا ،ابھی تک سو بیڈز آگئے ہیں اور مزید بھی بھیج دیں گے، وعدہ کرتا ہوں کہ ہسپتالوں کی حالت زار کو بہتر بنایا جائے گا۔