وفاقی وزیر طارق بشیر چیمہ کی زیر صدارت اجلاس، ملک میں زراعت، لائیو سٹاک، ماہی پروری اور غذائی تحفظ کا جائزہ

155
وفاقی وزیر طارق بشیر چیمہ کی زیر صدارت اجلاس، ملک میں زراعت، لائیو سٹاک، ماہی پروری اور غذائی تحفظ کا جائزہ

اسلام آباد۔25اکتوبر (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے قومی غذائی تحفظ اور تحقیق طارق بشیر چیمہ کی زیر صدارت کمیٹی برائے خوراک، زراعت، لائیو سٹاک اور ماہی پروری کا اعلیٰ سطحی اجلاس ہوا۔

منگل کو ہونے والے اجلاس میں زراعت، لائیو سٹاک، ماہی پروری کے مسائل پر مشاورت اور ملک میں غذائی تحفظ کی صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔اجلاس میں صوبائی وزراء زراعت، لائیوسٹاک اور ماہی پروری نے شرکت کی۔ تمام صوبوں، آزاد جموں و کشمیر اور گلگت بلتستان کے متعلقہ محکموں کے حکام بھی اجلاس میں موجود تھے۔

سیکرٹری قومی غذائی تحفظ اور تحقیق ظفر حسن نے کمیٹی کو ملک میں گندم کے ذخائر کی صورتحال پر بریفنگ دی۔ انہوں نے بتایا کہ ملک میں گندم کے ذخائر تسلی بخش ہیں۔ انہوں نے کہا کہ گندم کے سرکاری ذخائر مقامی کھپت کے لیے کافی ہیں اور پچھلے سال سے زیادہ ہیں۔

وفاقی وزیر طارق بشیر چیمہ نے کہا کہ سیلاب اور بارشوں کی وجہ سے ہم ہنگامی حالت میں ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ عہدیداروں کو عوام کے بہترین مفاد میں فیصلے کرنے چاہئیں۔ایم ڈی پاسکو سعید احمد نواز نے شرکاء کو بتایا کہ بارشوں اور سیلاب کے باعث سرکاری گودام میں گندم کے سٹاک کو نقصان پہنچا تھا۔

انہوں نے کہا کہ انسانی استعمال کے لیے موزوں گندم کو تباہ شدہ سٹاک سے کامیابی کے ساتھ الگ کر دیا گیا ہے اور اسے فراہم کیا جا رہا ہے۔فوڈ سکیورٹی کمشنر وسیم الحسن نے فورم کو آگاہ کیا کہ سیلاب سے متاثرہ کسانوں میں گندم کا سبسڈی والا بیج 10 نومبر تک پہنچا دیا جائے گا۔

انہوں نے مزید کہا کہ ہم یہ بیج بوائی کے موسم کے اختتام سے پہلے پہنچا دیں گے۔فورم کو بتایا گیا کہ سیلاب سے متاثرہ کسانوں تک بیج پہنچانے اور تقسیم کرنے کے لیے ایک ڈیجیٹل ایپلیکیشن تیار کی گئی ہے۔

وفاقی وزیر طارق بشیر چیمہ نے اس اقدام کو سراہا اور کہا کہ اسی ڈیجیٹل پلیٹ فارم کو مستقبل میں کسانوں کو براہ راست سبسڈی فراہم کرنے کے لیے استعمال کیا جا سکتا ہے۔کمیٹی ممبران نے سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں مویشیوں کے لیے پراجیکٹ تیار کرنے کی ہدایت دی جس سے جانوروں میں بیماریوں پر قابو پانے اور چارے کی کمی کو دور کرنے میں مدد ملے۔