وفاقی وزیر عبدالعلیم خان کی این ایچ اے کو کرتار پور اور ننکانہ صاحب کو موٹر ویز نیٹ ورک سے منسلک کرنے کے لیے اہم اقدامات کی ہدایت

اسلام آباد۔29جنوری (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے مواصلات عبدالعلیم خان نے نیشنل ہائی وے اتھارٹی (این ایچ اے) کو کرتار پور اور ننکانہ صاحب کو موٹر ویز نیٹ ورک سے منسلک کرنے کے لیے اہم اقدامات کی ہدایت کر دی ہے۔ سیالکوٹ سے کرتار پور تک تعمیر ہونے والی اس نئی موٹروے کو ’’گرو نانک ایکسپریس وے‘‘کے نام سے منسوب کیا جائے گا۔جمعرات کو یہاں ایک اعلیٰ سطح کے اجلاس …

اسلام آباد۔29جنوری (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے مواصلات عبدالعلیم خان نے نیشنل ہائی وے اتھارٹی (این ایچ اے) کو کرتار پور اور ننکانہ صاحب کو موٹر ویز نیٹ ورک سے منسلک کرنے کے لیے اہم اقدامات کی ہدایت کر دی ہے۔ سیالکوٹ سے کرتار پور تک تعمیر ہونے والی اس نئی موٹروے کو ’’گرو نانک ایکسپریس وے‘‘کے نام سے منسوب کیا جائے گا۔جمعرات کو یہاں ایک اعلیٰ سطح کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے وفاقی وزیر عبدالعلیم خان نے کہا کہ این ایچ اے کے ننکانہ صاحب اور کرتار پور سے متعلق منصوبے خطے کے لیے ’گیم چینجر‘ ثابت ہوں گے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ سیالکوٹ سے کرتار پور موٹروے کی تعمیر کے لیے فوری طور پر کام کا آغاز کیا جائے۔عبدالعلیم خان نے منصوبے کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ کرتار پور ہائی وے کے گرد و پیش میں زائرین اور سیاحوں کی سہولت کے لیے تھری، فور اور فائیو سٹار ہوٹل بنائے جائیں گے۔

اس کے علاوہ موٹروے پر بہترین ریسٹ ایریاز اور عالمی معیار کے شاپنگ مالز کی تعمیر بھی یقینی بنائی جائے گی۔وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ سکھ کمیونٹی کو ان منصوبوں میں سرمایہ کاری کی ترغیب دینے کے لیے لندن، کینیڈا اور امریکہ جیسے ممالک میں بڑے پیمانے پر تشہیری مہم چلائی جائے گی اور این ایچ اے ان منصوبوں کو عالمی روڈ شوز میں بھی پیش کرے گا تاکہ عالمی سطح پر مارکیٹنگ کے ذریعے غیر ملکی سرمایہ کاری حاصل کی جا سکے۔انہوں نے واضح کیا کہ سیالکوٹ سے کرتار پور کی موٹروے نہ صرف سکھ زائرین کے لیے آسانی پیدا کرے گی بلکہ اس سے ملحقہ شہروں کے عوام کو بھی سماجی و معاشی فائدہ پہنچے گا۔ خاص طور پر نارنگ منڈی اور بدو ملہی کے شہری اس جدید سفری سہولت سے براہ راست مستفید ہوں گے، جس سے علاقے میں ترقی کے نئے دور کا آغاز ہوگا۔

مزید خبریں