اسلام آباد۔17دسمبر (اے پی پی):قازخستان اور پاکستان کے درمیان تجارت کے فروغ کےلئے مصنوعات و مشینری کے ڈسپلے سینٹرز قائم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔
منگل کو سرمایہ کاری و نجکاری بورڈ کی طرف سے جاری بیان کے مطابق یہ فیصلہ وفاقی وزیر سرمایہ کاری و نجکاری بورڈ اور مواصلات عبدالعلیم خان کی زیر صدارت اجلاس میں کیا گیا جس میں قازخستان کے سفیر یرزہان کستافن نے خصوصی شرکت کی۔عبدالعلیم خان نے کہا کہ پاکستان اور قازخستان ایک ہی چھت تلے بزنس کمیونٹی کو بڑے پیمانے پر سہولتیں فراہم اور آئندہ 3برسوں میں دو طرفہ تجارت کے حجم میں 100فیصد اضافہ کریں گے ۔ انہوں نے کہا کہ مختلف شہروں میں جانے کے بجائے غیر ملکی سرمایہ کاروں کی ضروریات ایک ہی مرکز میں پوری کریں گے۔ اس موقع پر قازخستان کے سفیرنے پاکستان میں ڈسپلے سینٹرز کے قیام میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا اور مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔
اجلاس میں ٹیکسٹائل، سرجیکل آلات، سپورٹس گڈز، ہینڈی کرافٹ، لیدر مصنوعات اور زرعی آلات شو کیس کرنے کا فیصلہ کیا گیا ۔وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان قازخستان سے ایک سال میں اپنی برآمدات میں 20فیصد اضافہ کرنے کا خواہاں ہے، دیگر وسط ایشیائی ممالک سے بھی مشترکہ بزنس حکمت عملی اپنائیں گے، الماتے، باکو اور دیگر بڑے شہروں میں پاکستان اپنی مصنوعات کی نمائش کے مراکز قائم کرے گا۔
عبدالعلیم خان نے کہا ہر ملک کی ڈیمانڈ کے مطابق وہاں کے ڈسپلے سینٹرز کے لئے پالیسی تشکیل دیں گے۔قازخستان کے سفیر نے وفاقی وزیر عبدالعلیم خان سے دو طرفہ تعاون میں گہری دلچسپی لینے پر اظہار تشکر بھی کیا ۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ ڈسپلے سینٹرز اہم مقامات پر بنیں گے جہاں بزنس کمیونٹی کو آسانی سے رسائی حاصل ہو سکے