وفاقی وزیر عبدالعلیم خان کی چیئرمین این ایچ اے کو زخمیوں کو ہیلی کاپٹر سمیت ایمبولینس سروسز مہیاکرنے کیلئے قومی شاہرات پر ایمرجنسی ریسکیو سینٹرز قائم کرنے کی ہدایت

55
Abdul Aleem Khan
Abdul Aleem Khan

اسلام آباد۔14جنوری (اے پی پی):موٹرویز اور قومی شاہرات پر حادثات کی صورت میں زخمیوں کو فوری طورپر ایمرجنسی ریسکیو سروسز کی فراہمی میں اہم پیشرفت ہوئی ہے اور وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان نے آزاد جموں و کشمیر کے وزیر اعظم اورگلگت بلتستان سمیت تمام صوبوں کے وزرائے اعلیٰ کو خطوط لکھے ہیں جن میں ان کو 1122 کی طرز پر موٹرویز اور شاہراہوں پر ریسکیو سینٹرز بنانے کیلئے معاونت کی دعوت دی گئی ہے تاکہ اس اہم قومی مشن کو جلد از جلد پایہ تکمیل تک پہنچایا جا سکے۔

وفاقی وزیر مواصلات، نجکاری اور سرمایہ کاری بورڈ عبدالعلیم خان نے اعلیٰ سطحی اجلاس میں وفاقی سیکرٹری مواصلات اور چیئرمین این ایچ اے کو ہدایت کی ہے کہ نیشنل ہائی وے اتھارٹی صوبائی حکومتوں کے اشتراک سے قومی شاہرات پر 174 مقامات پر ایسے ایمرجنسی ریسکیو سینٹرز قائم کرے جہاں زخمیوں کو ہیلی کاپٹر سمیت ایمبولینس سروسز مہیا کی جا سکیں۔ انہوں نے کہا کہ حادثات کی صورت میں زخمیوں کو جلد از جلد نزدیکی ہسپتالوں میں منتقل کرنا چاہیے جس کیلئے موٹر وے ایم ٹو لاہور، اسلام آباد پر قائم 1122 کے سینٹر کو دیگر موٹرویز اور جی ٹی روڈز تک توسیع دیں گے۔

وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان نے کہا کہ تمام موٹرویز اور شاہرات کے علاوہ انٹر چینجز پر بھی ایمرجنسی مراکز قائم کریں اور نیشنل ہائی وے اتھارٹی اور ریسکیو 1122 کے اداروں کو مل کر اس قومی خدمت کا حصہ بننا ہوگا۔وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان نے مزید کہا کہ موٹرویز اور شاہرات کو محفوظ بناناہماری اولین ترجیح ہے جس کے لئے مخصوص فاصلوں پر ایک ہی ڈیزائن کے ایمرجنسی مراکز کی تشکیل ہونی چاہیے۔

اس موقع پر وفاقی سیکرٹری مواصلات نے وفاقی وزیر عبدالعلیم خان کو تمام صوبوں کے چیف سیکرٹری صاحبان سے رابطوں اور اب تک کی پیش رفت سے آگاہ کیا جبکہ چیئرمین نیشنل ہائی وے اتھارٹی نے بھی ایمرجنسی سروسز سینٹر کی تیاری،نیشنل ہائی وے اتھارٹی کی طرف سے کیے گئے کام اور ریسکیو 1122 سے اشتراک کے حوالے سے اجلاس کو آگاہ کیا۔ اس موقع پر فیصلہ کیا گیا کہ چاروں صوبوں کے علاوہ آزاد جموں کشمیر اور گلگت بلتستان کی بھی نیشنل ہائی وے اتھارٹی کی شاہرات پر ایسے ایمرجنسی ریسکیو سینٹرز بنائے جائیں گے۔