وفاقی وزیر عبدالقادر پٹیل کی شیخ الاعظم جامعۃالازہر الشریف ڈاکٹر محمد طیب سے ملاقات، پاکستان میں سیلاب سے ہونے والی تباہ کاریوں سے آگا ہ کیا

152

قاہرہ ۔12اکتوبر (اے پی پی):وفاقی وزیر عبدالقادر پٹیل نےبدھ کو قاہرہ میں شیخ الاعظم جامعۃالازہر الشریف ڈاکٹر محمد طیب سے ملاقات کی اور انھیں پاکستان میں سیلاب سے ہونے والی تباہ کاریوں کے حوالے سے آگا ہ کیا۔

انہوں نے شیخ الاعظم جامعۃالازہر الشریف ڈاکٹر محمد طیب کو پاکستان میں پولیو اور دیگر بیماریوں کے حوالے سے بھی آگاہی دی ۔ اس موقع شیخ الاعظم ڈاکٹر طیب نے سیلاب سے بڑی تعداد میں لوگوں کے جاں بحق ہونے پر دلی رنج اور دکھ کا اظہار کیا ۔ انہوں نے کہا کہ مصر اور پوری اسلامی دنیا مشکل کی اس گھڑی میں پاکستان کے ساتھ کھڑی ہے ۔

انہوں نے مسلم امہ پر زور دیا کہ وہ سیلاب سے متاثر ہ پاکستانی بھائیوں کی دل کھول کر امداد کرے۔ شیخ الاعظم جامعۃالازہر الشریف نے کہا کہ پاکستان کے مسلم بھائیوں کا فرض ہے کہ وہ اپنے بچوں کو مہلک اور معذور کردینے والی بیماریوں سے بچائیں اور ویکسی نیشن کروائیں اور ایسے فتوئوں سےدور رہیں جن میں ویکسین لگوانے سے منع کیا گیا ہو۔

انھوں نے کہا کہ ویکسین لگوانا ہمارا مذہبی ، طبی اور انسانی فریضہ ہے۔انہوں نے پاکستان میں امن، ترقی اور خوشحالی کے لئے خصوصی دعا فرمائی ۔ملاقات میں پاکستان میں مصر کے سفیر ساجد بلال، جامعتہ ا لازہر کے وائس چانسلر اور صدربھی موجود تھے۔