وفاقی وزیر علی امین خان گنڈا پور کی زیرصدارت آزاد کشمیر کے آئندہ مالی سال کے سرکاری شعبے کے ترقیاتی پروگرام کو حتمی شکل دینے کےلئے اجلاس

99
27 فروری کوپاک فضائیہ کی لاجواب کارروائی نے پوری پاکستانی قوم کا سرفخر سے بلند کیا، علی امین خان گنڈا پور
27 فروری کوپاک فضائیہ کی لاجواب کارروائی نے پوری پاکستانی قوم کا سرفخر سے بلند کیا، علی امین خان گنڈا پور

اسلام آباد ۔ 14 مارچ (اے پی پی) وفاقی وزیر اُمورکشمیر و گلگت بلتستان علی امین خان گنڈا پور نے کہا ہے کہ زندگی کی بنیادی سہولیات کی فراہمی موجودہ حکومت کی اولین ترجیج ہے، حکومت ایسے ترقیاتی منصوبوں پر خصوصی توجہ دے رہی ہے جن کا براہ راست اثر عوام کی روزمرہ زندگی پر ہوتا ہے۔ وہ جمعرات کو یہاں آزاد جموں و کشمیر کے آئندہ مالی سال کے سرکاری شعبے کے ترقیاتی پروگرام ( پی ایس ڈی پی ) کو حتمی شکل دینے کےلئے ایک اعلیٰ سطح کے اجلاس کی صدارت کر رہے تھے۔ اس موقع پر وفاقی وزیر نے کہا کہ آزاد کشمیر کےلئے پی ایس ڈی پی میں ایسے منصوبوں کو ترجیج دی جا رہی ہے جو آزادکشمیر میں ترقی اور خوشحالی کی نئی بنیاد بنیں گے۔ اجلاس میں وفاقی سیکرٹری اُمورکشمیر و گلگت بلتستان طارق محمود پاشا ،ایڈیشنل سیکرٹری اُمور کشمیر، ایڈیشنل چیف سیکرٹری حکومت آزادجموںوکشمیرکے علاوہ متعلقہ محکموںکے اہم افسران نے شرکت کی۔اجلاس میں آزادجموں وکشمیر کے لیے پی ایس ڈی پی کو حتمی شکل دی گئی۔اس موقع پر وفاقی وزیر نے کہاکہ آزادکشمیر کے لیے پی ایس ڈی پی میں ایسے منصوبے شامل کیے جارہے ہیں جو آزادکشمیر میں ترقی وخوشحالی کی نئی مضبوط بنیاد فراہم کریں گے۔انہوںنے کہاکہ ایل او سی پر رہنے والے رہائشیوں کے تحفظ اور سہولیات فراہم کرنے کے حوالے سے 5 ارب روپے مالیت کے پراجیکٹ کو آئندہ مالیاتی سال کے پی ایس ڈی پی پروگرام میں اولین ترجیج دی جارہی ہے ۔انہوںنے کہاکہ ایل او سی پر رہنے والے عوام بھارتی جارحیت کے خلاف آزادکشمیر اور پاکستان کی پہلی دفاعی لائن کا کردار ادا کررہے ہیں اور حکومت یہ ذمہ داری بنتی ہے کہ وہ ایل او سی پر رہائش پذیر عوام کو سہولیات فراہم کرنے کے لیے تمام تر وسائل کو بروئے کار لائے۔ انہوںنے کہاکہ اس کے علاوہ پورے آزادکشمیر میں صحت و تعلیم کے شعبے میں سہولیات کی کمی کو پورا کرنے کے لیے ایک منظم پروگرام بھی پی ایس ڈی پی پروگرام میں شامل کیا جارہا ہے جس سے آزادکشمیر کے عوام کی زندگیوں پر مثبت اثرات مرتب ہوں گے۔ سیاحت کے شعبے کی اہمیت کے حوالے سے بات چیت کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہاکہ سیاحت کے شعبے کی ترقی وزیر اعظم کے خصوصی وژن کا حصہ ہے اور اس وژن میں آزادکشمیر اور گلگت بلتستان کو خصوصی اہمیت حاصل ہے ۔انہوںنے کہاکہ حکومت آزادکشمیر کی سیاحت کی ترقی کے حوالے سے 200 کلو میٹر سے زائد ٹورزم راہداری منصوبے کو بھی پی ایس ڈی پی پروگرام کا حصہ بنانے جارہی ہے ، سیاحتی راہداری منصوبے سے آزادکشمیر کے سیاحت کے شعبے میں ترقی کے ایک نئے دور کا آغاز ہو گا اور یہ منصوبہ آزادکشمیر میں سیاحت کے شعبے میں بیرونی سرمایہ کاری کی حوصلہ افزائی کے حوالے سے بھی بڑا اہم ہے ۔ انہوںنے ہدایت کی اس منصوبے کو اس لحاظ سے ترتیب دیا جائے جس سے ایک طرف یہ آزادکشمیر کے تمام سیاحتی مقامات کو ایک دوسرے کے ساتھ ملانے کے ساتھ ساتھ پورے ملک کے ٹورازم ماسٹر پلان کابھی حصہ بن کر سامنے آئے ۔انہوںنے ایک بار پھر اس عزم کا اظہار کیا کہ آزادکشمیر اور گلگت بلتستان کی ترقی وخوشحالی کے لیے وفاقی حکومت تمام تر وسائل بروئے کار لائے گی۔