وفاقی وزیر علی زیدی کی آئل اینڈ گیس کی امریکن ملٹی نیشنل کمپنی ایگزون موبل کے حکام سے ملاقات میں گفتگو

115

اسلام آباد ۔ 14 مارچ (اے پی پی) وفاقی وزیر میری ٹائم افیئرز علی حیدر زیدی نے کہا ہے کہ پاکستان اس وقت مستحکم اور ترقی کی راہ پر گامزن ہے، پاکستان کی ترقی سے پورے خطے میں خوشحالی آئے گی۔ وفاقی وزیر علی زیدی اس وقت دورہ امریکا کے موقع پر ہیوسٹن میں ہیں جہاں انہوں نے آئل اینڈ گیس کی امریکن ملٹی نیشنل کمپنی ایگزون موبل کے حکام سے ملاقات کی۔ اس موقع پر پورٹ قاسم اتھارٹی کے چیئرمین اسد رفیع چندنا اور پاکستان قونصلیٹ ہیوسٹن کی قونصل جنرل عائشہ فاروقی بھی ان کے ہمراہ تھیں۔ وفاقی وزیر نے اپنے پیغام میں کہا کہ فارن کمپنیز کو ملکی ذخائر سے استفادہ کرنے کیلئے مقامی ورک فورس کو استعمال کرنا چاہیے جس سے پاکستان انرجی کے معاملے میں خود مختار ہوجائے گا۔ انہوں نے کہا کہ بڑے سرمایہ کار اس وقت پاکستان میں سرمایہ کاری میں دلچسپی لے رہے ہیں۔ دورہ کے موقع پر وفاقی وزیر علی زیدی کو ایگزون موبل کے حکام کی جانب سے ادارے کے متعلق تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ اس موقع پر ایگزون موبل کے اعلیٰ حکام نے پاکستان میں آئل اینڈ گیس کے ذخائر میں سرمایہ کاری کے حوالے سے اپنی دلچسپی کا اظہار کیا۔ وفاقی وزیر علی زیدی نے اپنے دورہ کے دوران پچھلے دنوں کیمبرج انرجی ریسرچ ایسوسی ایٹس کے شرکاءسے بھی ملاقات کی جس کی کانفرنس ہیوسٹن میں جاری ہے۔