ہری پور۔ 2 ستمبر (اے پی پی) وفاقی وزیر عمر ایوب خان نے تربیلا غازی سڑک کیلئے وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سے مزید فنڈ منظور کروا لیا۔ تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر توانائی، پٹرولیم و قدرتی وسائل عمر ایوب خان نے عوامی مشکلات کے فوری خاتمہ کیلئے وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان سے تربیلا غازی سڑک کے مرمتی کام کیلئے مزید فنڈ منظور کرا لیا جس سے ہنگامی بنیادوں پر مرمتی کا کام شروع کیا جائے گا۔ واضح رہے کہ اس سے قبل وفاقی وزیر عمر ایوب خان نے مذکورہ سڑک کی تعمیر کیلئے ایک ارب 40 کروڑ روپے کا خطیر فنڈ منظور کرایا جس کا ٹینڈر بھی جاری ہو چکا ہے تاہم عوامی مشکلات کے پیش نظر انہوں نے وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا سے مزید فنڈ منظور کرایا تاکہ ہنگامی بنیادوں پر مرمتی کام مکمل کر کے سفری مشکلات کا ازالہ کیا جا سکے۔