وفاقی وزیر عمر ایوب نے کھولیاں بالا کی منتشر آبادیوں میں سوئی گیس فراہمی کیلئے 3کروڑ روپےکے فنڈ جاری کر دیئے

70

ایبٹ آباد۔25جنوری (اے پی پی):وفاقی وزیر توانائی، پیٹرولیم و قدرتی وسائل عمر ایوب خان نے یونین کونسل کھولیاں بالا کے مختلف علاقہ جات کی منتشر آبادیوں میں سوئی گیس فراہمی کیلئے مزید تین کروڑ روپے کےفنڈ جاری کر دیئےجن کے ٹینڈر اوپن ہو کر کنٹرکٹر کو مل چکے ہیں اور ان پر جلد کام کا آغاز ہو گا۔ ان خیالات کا اظہار وفاقی وزیر عمر ایوب خان کے کوآرڈینیٹر ساجد خان نے کھولیاں بالا کے مقام پر مقامی افراد سے اظہار خیال کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے اس موقع پر لوگوں سے گیس میٹرز کی درخواستیں بھی وصول کیں جبکہ سوئی نادرن گیس کے متعلقہ افسران بھی اس موقع پر ان کے ہمراہ موجود تھے۔ حاجی نواز خان، شیر بہادر، اسد شاہ اور خاور خان سمیت دیگر مقامی افراد نے اس موقع پر منتشر آبادیوں کیلئے مزید خطیر فنڈنگ کرنے پر وفاقی وزیر عمر ایوب خان کا شکریہ ادا کیا۔