
اسلام آباد ۔ 07 فروری (اے پی پی) وفاقی کابینہ نے پارلیمانی کمیٹی برائے انتخابی اصلاحات کی سفارشات کی منظوری دیدی ہے جوآئندہ ماہ بل کی شکل میں پارلیمنٹ میں پیش کی جائیں گی جس کے تحت الیکشن کمیشن کو مکمل انتظامی اور مالیاتی خود مختاری دی جائے گی‘ انتخابی حلقے بڑھانے کے حوالے سے فیصلہ مردم شماری کے بعد کیا جائے گا۔ کابینہ نے ورکنگ باﺅنڈری پر بھارتی فائرنگ سے شہید ہونے والوں کے لواحقین کو 5لاکھ روپے اور شدید زخمیوں کو ڈےڑھ لاکھ روپے کی ادائیگیوں کی بھی منظوری دی ہے۔ افغان پناہ گزینوں کی رجسٹریشن کا عمل دسمبر 2017ءتک مکمل کیا جائے گا اور سرحد پر امیگریشن کے قوانین نافذ کئے جائیں گے۔ یہ بات منگل کو وفاقی وزیر قانون زاہد حامد اور وزیر مملکت برائے اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے وفاقی کابینہ کے اجلاس کے بعد صحافیوں کو بریفنگ دیتے ہوئے بتائی۔ وزیر مملکت برائے اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے کہا کہ ملک بھر میں 46 جدید ہسپتال ہنگامی بنیادوں پر تعمیر کئے جارہے ہیں۔ وفاقی وزیر قانون زاہد حامد نے کہا کہ وفاقی کابینہ نے پارلیمانی کمیٹی برائے انتخابی اصلاحات کی سفارشات کی منظوری دی ہے یہ سفارشات کمیٹی نے اتفاق رائے سے مرتب کی ہیں ان سفارشات کو کابینہ کی منظوری کے بعد ایکٹ کی شکل میں پارلیمنٹ میں پیش کیا جائے گا۔