وفاقی وزیر قانون سینیٹر اعظم نذیر تارڑ سے کینیڈین ہائی کمشنر وینڈی گلمور کی الوداعی ملاقات

204

اسلام آباد۔27ستمبر (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے قانون و انصاف سینیٹر اعظم نذیر تارڑ نے کہاہے کہ پاکستان کو بیک وقت سیاسی معاشی اور عالمی چیلنجز درپیش ہیں،سیلاب زدگان جن مشکلات سے دوچار ہیں وہ مکمل طور پر منظر عام پر نہیں آئیں۔ ان خیالات کااظہار انہوں نے کینیڈین ہائی کمشنر وینڈی گلمور سے گفتگو کرتے ہوئے کیا جنہوں نے منگل کو یہاں ان سے الوداعی ملاقات کی۔ملاقات میں باہمی دلچسپی اور دوطرفہ تعلقات کو مزید فروغ دینے سے متعلق امور زیر بحث آئے۔

ملاقات میں بچوں کی چھوٹی عمر کی شادی سے متعلق قانون سازی اور دیگر قانون سازی کے حوالے سے تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا،ملکی معاشی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا ۔وفاقی وزیر قانون نے ہائی کمشنر کا ان کی خدمات کے لیے اور دونوں ممالک کے درمیان مضبوط تعلقات کو فروغ دینے پر شکریہ ادا کیا۔کینیڈین ہائی کمشنر وینڈی گلمور نے پاکستان میں قیام کے دوران اپنے تجربات شیئر کیے۔

وفاقی وزیر سینیٹر اعظم نذیر تارڑ نے کہاکہ پاکستان میں سیاحت کے شعبے میں مزید ترقی کی صلاحیت موجود ہے، بدقسمتی سے افغان جنگ نے ہمارے ملک کو بہت نقصان پہنچایا، وزیر قانون نے کینیڈین ہائی کمشنر کو پاکستان میں سیلاب کی تباہ کاریوں سے آگاہ کرتے ہوئے کہاکہ سیلاب زدگان جن مشکلات سے دوچار ہیں وہ مکمل طور پر منظر عام پر نہیں آئیں، انہوں نے کہاکہ پاکستان کو بیک وقت سیاسی معاشی اور عالمی چیلنجز درپیش ہیں، تیزی سے بڑھتی آبادی جیسا مسئلہ بھی پاکستان کو درپیش ہے۔انہوں نے کہاکہ سیلابی صورتحال کی وجہ سے پاکستان کو فصلوں کی پیداوار میں کمی کا سامنا کر نا پڑ سکتا ہے،فصلوں کی پیداوار کے حوالے سے یہ ایک مشکل وقت ہے تمام فصلیں سیلاب کی نظر ہو چکی ہیں،

وزیر قانون نے امید ظاہرکی کہ چیزیں بہتری کی طرف جائیں گی، انہوں نے کہاکہ پاکستان میں سرمایہ کاری کے بہترین مواقع موجود ہیں، دپاکستان میں بین الاقوامی سرمایہ کاری کے لیے قانون سازی کی جا رہی ہے،دونوں ممالک کے درمیان مضبوط تعلقات ہیں، کینیڈین عوام ہمیشہ ہمارے ساتھ مہربان رہے ہیں، کینیڈین ہائی کمشنر نے ملک میں سیلابی صورتحال پر افسوس کا اظہار کیا، وینڈی گلمور نے کہاکہ یوکرین وار کی وجہ سے یورپ کو بھی فصلوں کی پیداوار میں کمی کا سامنا ہے۔شمالی علاقہ جات سیاحت کے حوالے سے بہترین مقامات ہیں، موقع ملا تو پاکستان کے سیاحتی مقامات کی سیر کو ضرور آئوں گی۔