وفاقی وزیر قانون سینیٹر اعظم نذیر تاڑر کی نجی ٹی وی چینل سے گفتگو

175
constitutional

اسلام آباد۔2جون (اے پی پی):وفاقی وزیر قانون سینیٹر اعظم نذیر تارڑ نے کہا ہے کہ عمران خان کے بیانات ملکی سلامتی پر حملہ کے مترادف ہیں، پی ٹی آئی کے چیئرمین عمران خان کی جانب سے متنازعہ بیانات کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے، ایک سابق وزیراعظم کو اپنے ملک کے لئے اس طرح کی باتیں کرنا زیب نہیں دیتا، پاکستان میں ایک منظم فوج اور سسٹم ہے، پاکستان کی سلامتی اور سٹریٹجک اثاثوں کی طرف کوئی آنکھ اٹھا کربھی نہیں دیکھ سکتا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان کی حالیہ مہم سب سے خطرناک ہے، عمران خان نے پورے معاشرے کو تقسیم کر کے رکھ دیا ہے اور ایک سابق وزیراعظم کی جانب سے سنگین قسم کے بیانات ملکی سلامتی کے خلاف ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم عمران خان کے بیانات کی بھرپور مذمت کرتے ہیں لیکن موجودہ حکومت کوئی بھی ایسا اقدام نہیں اٹھائے گی جس سے کسی قسم کے تعصب یا سیاسی انتقام کی بُو آتی ہو۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف نے وزارت عظمیٰ کا منصب سنبھالتے ہی کہا تھا کہ ہم جمہوریت پر یقین رکھتے ہیں اور جمہوریت میں ایک دوسرے کو باہم گفت و شنید کے ذریعے قائل کیا جاتا ہے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ میں پاکستان کا شہری ہونے کے ناطے ذاتی طور پر یہ سمجھتا ہوں کہ عمران خان کی جانب سے اداروں، ملکی سلامتی کے حوالے سے سنگین گفتگو کئے جانے کے معاملے پر سپریم کورٹ کو از خود نوٹس لینا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں ایک منظم فوج اور سسٹم ہے، پاکستان کی سلامتی اور سٹریٹجک اثاثوں کی طرف کوئی آنکھ بھی اٹھا کر نہیں دیکھ سکتا۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ چیئرمین نیب کی مدت ملازمت پوری ہو چکی ہے، قانون کے مطابق چیئرمین نیب کے حوالے سے مشاورت وزیراعظم اور اپوزیشن لیڈر کے درمیان ہونی ہے، اس مشاورت کے دو مرحلے ہو چکے ہیں، چیئرمین نیب کی تعیناتی کے حوالے سے آئندہ دو سے تین دن میں حکومت اپنی ذمہ داری سے عہدہ برآ ہو جائے گی۔