وفاقی وزیر قانون ڈاکٹر فروغ نسیم سے یورپی یونین فرینڈشپ فیڈریشن ، یورپ کے چیئرمین چودھری پرویز اقبال لوسر کی ملاقات

101

اسلام آباد۔28جنوری (اے پی پی):پاکستان۔ یورپی یونین فرینڈشپ فیڈریشن ، یورپ کے چیئرمین چوہدری پرویز اقبال لوسر نے ”لیٹر آف ایڈمنسٹریشن اینڈ سکسیشن سرٹیفکیٹس “ایکٹ اور دیگر قوانین کو عوام دوست اور سہل بنانے سے متعلق وفاقی وزیر قانون وانصاف بیرسٹر ڈاکٹر فروغ نسیم کی خدمات قابل قدر ہیں۔ جمعرات کو وزارت قانو ن و انصاف کے ترجمان کی طرف سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ پاکستان۔ یورپی یونین فرینڈشپ فیڈریشن ، یورپ کے چیئرمین چودھری پرویز اقبال لوسر نے وفاقی وزیر قانون ڈاکٹر فروغ نسیم سے آج اسلام آباد میں ملاقات کی ہے اور ان کی کاوشوں کو خوب سراہا ہے۔ چوہدری پرویز اقبال لوسر نے کہا کہ بیرون ملک مقیم پاکستانی شہریوں کو جائیداد کی منتقلی کے حوالے سے کافی مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے،ان مشکلات کے خاتمے کے لئے ”لیٹر آف ایڈمنسٹریشن اینڈ سکسیشن سرٹیفکیٹس “ ایکٹ2020ءکا نفاذ انتہائی احسن اقدام ہے ۔چوہدری پرویز اقبال لوسر کا کہنا ہے کہ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو اس سے قبل اپنی جائز وراثت کے حصول میں کافی مشکلات کا سامنا کرنا پڑا تھا لیکن وفاقی وزیر قانون اور ان کی ٹیم کی انتھک محنت کے بعد یہ عمل صرف 15 دن میں مکمل ہو جائے گا۔ اس موقع پر وفاقی وزیر قانون نے یورپ سمیت دیگر ممالک میں مقیم پاکستانی شہریوں کو درپیش اہم معاملے کی طرف توجہ مبذول کروانے پر چوہدری پرویز اقبال لوسر کا خصوصی شکریہ ادا کیا۔ ڈاکٹر فروغ نسیم نے کہاکہ وہ مستقبل میں بھی بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی بہتری کے لئے کام جاری رکھیں گے کیونکہ وہ اوورسیز پاکستانی انتہائی محنتی ، پڑھے لکھے اور بیرون ممالک میں ملکی مفادات کے امین ہیں۔ ترجمان کے مطابق پاکستان۔ یورپی یونین فرینڈشپ فیڈریشن یورپ کے 18 بڑے ممالک میں فعال انداز میں کام کر رہی ہے اور ان ممالک میں مقیم پاکستانی شہریوں کے مفادات کا بھرپور تحفظ کا کام بخوبی انداز میں انجام دے رہی ہے۔