اسلام آباد۔26اگست (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے قومی صحت سید مصطفیٰ کمال نے کہا ہے کہ جعلی ادویات کے خلاف مؤثر اقدامات ناگزیر ہو چکے ہیں ، غیر معیاری اور ناقص ادویات سے عوامی صحت کو شدید خطرات لاحق ہیں ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے پاکستان فارما مینوفیکچرنگ ایسوسی ایشن (پی پی ایم اے )کے وفد سے ملاقات کے دوران کیا۔انہوں نے جعلی ادویات کے خاتمے کے لئے 2D بار کوڈ پر عملدرآمد کی پیشرفت اور مقامی سطح پر ویکسین کی پیداوار کے لئے حکمتِ عملی کا بھی جائزہ لیا۔
انہوں نے کہا کہ جعلی ادویات فارما انڈسٹری کی ساکھ کے لئے بھی نقصان دہ ہیں ،انہوں نے کہا کہ انڈسٹری 2D بار کوڈ کے مکمل اور مؤثر نفاذ کے لئے فوری اقدامات کرے ،حکومت مقامی سطح پر ویکسین کی تیاری کے لئے پُرعزم ہے۔انہوں نے کہا کہ ڈریپ اور فارما انڈسٹری ویکسین کی مقامی تیاری کے لئے ایک مربوط روڈ میپ تشکیل دیں تاکہ پاکستان اس اہم شعبہ میں خود کفیل ہو سکے اور بیرونی انحصار میں واضح کمی آئے ۔ انہوں نے کہا کہ مقامی ویکسین پروڈکشن سے صحت کا نظام بھی مضبوط ہوگا اور اس اقدام سے قیمتی زرمبادلہ کی بھی بچت ہوگی۔