وفاقی وزیر قومی غذائی تحفظ و تحقیق رانا تنویر حسین کی زیر صدارت اعلیٰ سطحی اجلاس

وفاقی وزیر برائے قومی غذائی تحفظ و تحقیق رانا تنویر حسین کی زیر صدارت ایک اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوا جس میں چینی وفد نے شرکت کی۔

اسلام آباد۔16جولائی (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے قومی غذائی تحفظ و تحقیق رانا تنویر حسین کی زیر صدارت ایک اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوا جس میں چینی وفد نے شرکت کی۔ اجلاس میں لائیو سٹاک کے شعبے میں پاک چین دوطرفہ تعاون کے فروغ بالخصوص پاکستان سے چین کو گوشت کی برآمدات بڑھانے کے امکانات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔چینی وفد کا خیرمقدم کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان اپنے وسیع مویشیوں کے ذخیرے، جغرافیائی محل وقوع اور معیاری حلال گوشت کی پیداوار کی بڑھتی ہوئی صلاحیت کے باعث لائیو سٹاک کے شعبے میں بے پناہ استعداد رکھتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ لائیو سٹاک پاکستان کی زرعی معیشت کا ایک اہم ستون ہے جو زرعی شعبے میں ویلیو ایڈیشن، دیہی روزگار اور قومی معیشت میں نمایاں کردار ادا کر رہا ہے۔رانا تنویر حسین نے کہا کہ چین دنیا میں گوشت استعمال کرنے اور درآمد کرنے والے سب سے بڑے ممالک میں شامل ہے جو پاکستان کے لیے اپنی گوشت کی برآمدات میں نمایاں اضافے کا ایک بہترین موقع فراہم کرتا ہے۔

انہوں نے چینی سرمایہ کاروں اور کمپنیوں کو دعوت دی کہ وہ پاکستان میں جدید ترین ٹیکنالوجی سے آراستہ سلاٹر ہائوسز اور جدید گوشت پروسیسنگ پلانٹس قائم کریں جو بین الاقوامی حفظان صحت کے معیارات، کولڈ چین انفراسٹرکچر اور ٹریس ایبلٹی سسٹم سے لیس ہوں تاکہ اعلیٰ معیار کا حلال گوشت تیار کرکے چین سمیت عالمی منڈیوں کو برآمد کیا جا سکے۔وفاقی وزیر نے کہا کہ حکومت پاکستان زراعت اور لائیو سٹاک کے شعبوں میں غیر ملکی سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے سازگار کاروباری ماحول، موثر پالیسی معاونت اور ہر ممکن سہولت فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہے۔ انہوں نے کہا کہ جدید سلاٹر ہائوسز اور گوشت پروسیسنگ کی صنعت میں سرمایہ کاری نہ صرف برآمدات میں اضافہ کرے گی بلکہ روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوں گے، ویلیو ایڈیشن کو فروغ ملے گا، خوراک کے معیار اور تحفظ میں بہتری آئے گی اور مویشی پال کسانوں کی آمدنی میں بھی اضافہ ہوگا۔

چینی وفد نے پاکستان کے لائیو سٹاک سیکٹر کی استعداد کو سراہتے ہوئے گوشت کی پروسیسنگ، ٹیکنالوجی کی منتقلی، معیار کی یقین دہانی اور برآمدات پر مبنی انفراسٹرکچر کے قیام میں تعاون میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔ فریقین نے اس بات پر اتفاق کیا کہ گوشت کی برآمدات میں اضافے کے لیے تکنیکی تعاون، کاروباری روابط کے فروغ اور ریگولیٹری و سینیٹری تقاضوں کو پورا کرنے کے لیے باہمی اشتراک کو مزید مضبوط بنایا جائے گا۔اجلاس کے اختتام پر وفاقی وزیر رانا تنویر حسین نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ حکومت پاکستان لائیو سٹاک کے شعبے کو عالمی معیار کی مسابقتی صنعت میں تبدیل کرنے کے لیے بھرپور اقدامات جاری رکھے گی۔ انہوں نے یقین ظاہر کیا کہ لائیو سٹاک اور گوشت کی پروسیسنگ کے شعبوں میں پاکستان اور چین کے درمیان بڑھتا ہوا تعاون غذائی تحفظ کو مضبوط بنانے، پائیدار زرعی ترقی کو فروغ دینے اور دونوں ممالک کے دیرینہ سٹریٹجک تعلقات کو مزید مستحکم کرنے میں اہم کردار ادا کرے گا۔