وفاقی وزیر قومی غذائی تحفظ و تحقیق کا مراکش میں پاکستان مراک فاسفور ایس اے پلانٹ کا دورہ،انتظامیہ و کارکنوں کی مہارت کو سراہا

وفاقی وزیر قومی غذائی تحفظ و تحقیق کا مراکش میں پاکستان مراک فاسفور ایس اے پلانٹ کا دورہ،انتظامیہ و کارکنوں کی مہارت کو سراہا

اسلام آباد۔6جولائی (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے قومی غذائی تحفظ و تحقیق رانا تنویر حسین نے پیر کے روز مراکش کے جرف لاسفر میں واقع پاکستان مراک فاسفور ایس اے (پی ایم پی)پلانٹ کا دورہ کیا جو مراکش کے او سی پی گروپ اور پاکستان کی فوجی فائونڈیشن کے درمیان ایک سٹریٹجک مشترکہ منصوبہ ہے، یہ جدید ترین سہولت پاکستان کی کھاد صنعت کے لیے فاسفیٹ پر مبنی خام مال کی قابل اعتماد فراہمی یقینی بنانے میں کلیدی کردار ادا کرتی ہے۔ وزارت کے جاری اعلامیہ کے مطابق دورے کے دوران وفاقی وزیر کو پلانٹ کے بارے میں جامع بریفنگ دی گئی۔ انہوں نے انتظامیہ اور افرادی قوت سے بھی ملاقات کی اور ان کی پیشہ ورانہ مہارت، لگن اور اعلیٰ آپریشنل معیار برقرار رکھنے کے عزم کو سراہا۔

اس موقع پر رانا تنویر حسین نے کہا کہ پاکستان مراک فاسفور منصوبہ پاکستان کی غذائی سلامتی کے لیے انتہائی سٹریٹجک اہمیت رکھتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ سہولت پاکستان کے کھاد کے شعبے کے لیے اہم خام مال کی قابل اعتماد اور بلا تعطل فراہمی یقینی بناتی ہے جس سے ملک کو عالمی سپلائی چین میں رکاوٹوں اور مارکیٹ کے اتار چڑھائو سے محفوظ رکھنے میں مدد ملتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پی ایم پی محض ایک صنعتی منصوبہ نہیں بلکہ پاکستان اور مراکش کے درمیان دیرپا دوستی اور سٹریٹجک شراکت داری کی علامت ہے۔ رانا تنویر حسین نے کہا کہ اس تعاون نے باہمی معاشی قدر پیدا کی ہے، دوطرفہ تعلقات کو مضبوط بنایا ہے اور علاقائی و عالمی غذائی سلامتی میں بامعنی کردار ادا کیا ہے۔

اس مشترکہ منصوبے کو پاکستان کی زرعی ضروریات پوری کرنے میں اہم سنگ میل قرار دیتے ہوئے وفاقی وزیر نے زراعت، صنعت، تجارت اور سرمایہ کاری کے شعبوں میں مراکش کے ساتھ تعاون مزید بڑھانے کے لیے حکومت کے عزم کا اعادہ کیا۔رانا تنویر حسین نے پلانٹ انتظامیہ کو ہدایت کی کہ خام مال کی بلا تعطل فراہمی یقینی بنائی جائے اور مسلسل پیداوار کے لیے آپریشنل کارکردگی برقرار رکھی جائے۔

انہوں نے کہا کہ کسی بھی اضافی پیداوار سے بین الاقوامی تجارت اور معاشی تعاون کے نئے دروازے کھل سکتے ، منصوبے کی مجموعی کارکردگی بہتر ہو سکتی اور دونوں ممالک کے درمیان تجارتی روابط مزید مضبوط ہو سکتے ہیں۔ رانا تنویر حسین نے کہا کہ فاسفیٹ اور کھاد کے شعبے میں پاکستان-مراکش شراکت داری دوطرفہ تعلقات کو مزید تقویت اور زرعی ترقی، صنعتی نمو اور پائیدار غذائی سلامتی کے مشترکہ اہداف کو آگے بڑھائے گی۔