وفاقی وزیر محسن نقوی سے بنگلہ دیشی ہائی کمشنر محمد روح العالم صدیقی کی ملاقات ،پاکستان اور بنگلہ دیش میں کرکٹ کے فروغ ، دو طرفہ تعلقات اور باہمی دلچسپی کے امور پر تفصیلی تبادلہ خیال

100
Federal Interior Minister Mohsin Naqvi

اسلام آباد۔28نومبر (اے پی پی):وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی سے بنگلہ دیش کے ہائی کمشنر محمد روح العالم صدیقی نےملاقات کی ۔ ملاقات میں پاکستان اور بنگلہ دیش میں کرکٹ کے فروغ ، دو طرفہ تعلقات اور باہمی دلچسپی کے امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا ۔بنگلہ دیشی ہائی کمشنر کا چیمپئنز ٹرافی ٹورنامنٹ کے انعقاد کے حوالے سے پاکستان کے لئے نیک خواہشات کااظہار کیا ۔

وزیر داخلہ محسن نقوی کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم شہباز شریف اور بنگلہ دیش کے چیف ایڈوائزر ڈاکٹر محمد یونس کے مابین باکو میں ملاقات انتہائی خوشگوار رہی۔وزیراعظم پاکستان کی خصوصی ہدایت پر بنگلہ دیش کا جلد دورہ کروں گا۔ دورہ کا مقصد بنگلہ دیش کی حکومت اور عوام کے ساتھ خیر سگالی اور دو طرفہ تعلقات کو مضبوط تر بنانا ہے۔پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان دیرینہ برادرانہ تعلقات ہیں۔

پاکستان بنگلہ دیش کے ساتھ مختلف شعبوں میں تعلقات کو مزید آگے بڑھانے کا خواہاں ہے۔ وزیر داخلہ محسن نقوی کا کہنا تھا کہ چیمپئنز ٹرافی کے بھر پور انعقاد کیلئے تمام تیاریاں مکمل کی جا رہی ہیں۔ بنگلہ دیشی ہائی کمشنر نے انگلینڈ کے خلاف ٹیسٹ اور آسٹریلیا کے خلاف ٹی ٹونٹی سیریز میں پاکستان کرکٹ ٹیم کی کارکردگی کو سراہا۔ بنگلہ دیشی ہائی کمشنر نے کہا کہ بنگلہ دیش میں پاکستانی کرکٹ ٹیم کو بے پناہ پذیرائی اور سپورٹ حاصل ہے۔ بنگلہ دیش پاکستان کے ساتھ برادرنہ تعلقات کو انتہائی قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔

دونوں ملکوں کے مابین عوامی سطح پر بہترین روابط ہیں۔ پاکستان تعیناتی میرے کیریئر کا بہترین دور ہے، بہت محبت ملی۔ سفارتی برادری میں پاکستان بہترین ڈیوٹی سٹیشن مانا جاتا ہے۔ سپیشل سیکرٹری و ایڈیشنل سیکرٹری داخلہ، کمانڈنٹ فرنٹیئر کانسٹیبلری، چیف کمشنر، آئی جی اسلام آباد پولیس اور ڈی سی اسلام آباد بھی اس موقع پر موجود تھے۔